ترک صدرطیب ایردوآن کی مصری ہم منصب السیسی سے جلدملاقات ہوگی: وزیرخارجہ
انقرہ/قاہرہ،مارچ۔ترک وزیرخارجہ نے کہاہے کہ صدررجب طیب ایردوان اورمصر کے صدرعبدالفتاح السیسی دونوں ممالک کے درمیان ایک دہائی سے جاری اختلافات کے خاتمے کے لیے جلد ملاقات کریں گے۔وزیرخارجہ مولودچاوش اوغلو نے ہفتے کے روز قاہرہ میں اپنے مصری ہم منصب سامح شکری سے ملاقات کی ہے۔انھوں نے بعدمیں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’انقرہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پرسفارتی تعلقات بحال کرنا چاہتا ہے‘‘۔چاوش اوغلویہ دورہ گذشتہ ماہ سامح شکری کے ترکیہ کے دورے کے بعدکررہے ہیں۔مصری وزیرخارجہ ترکیہ اور ہمسایہ ملک شام میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد اظہاریک جہتی گئے تھے۔چاوش اوغلو نے کہا:’’یہ ممکن ہے کہ ہم مستقبل میں اختلاف کریں گے، لیکن ہم اپنے تعلقات کو دوبارہ توڑنے سے بچنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے‘‘۔سنہ 2013 میں مصر کے سابق صدرمحمد مرسی کی عبدالفتاح السیسی کی قیادت میں فوج کی کارروائی میں برطرفی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہو گئے تھے۔اس وقت طیب ایردوان نے کہا تھا کہ وہ السیسی جیسے ’کسی‘شخص سے ’کبھی‘ بات نہیں کریں گیلیکن نومبرمیں السیسی اورایردوآن نے قطرمیں ایک دوسرے سے ہاتھ ملایا تھا۔جسے مصری صدر نے اپنے تعلقات میں ایک نئی شروعات کے طور پر پیش کیااور پھردونوں رہ نماؤں نے 6 فروری کے زلزلے کے بعد ٹیلی فون پر بات چیت کی تھی۔چاوش اوغلوکا کہنا تھا کہ ایردوآن اورالسیسی کے درمیان ملاقات ترکیہ میں عام انتخابات کے بعد ہوگی۔ان میں 14مئی کو ہونے والے صدارتی انتخابات بھی شامل ہیں۔واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اگرچہ سفارتی تعلقات سرد مہری کا شکاررہے ہیں لیکن ان میں کاروبارکبھی بند نہیں ہوا۔اس کاایک ثبوت یہ ہے کہ 2022 میں ترکیہ 4 ارب ڈالر کی مصری مصنوعات کا سب سے بڑادرآمد کنندہ ملک تھا۔