امریکا کا اسرائیل کے لیے فضائی حدود کھولنے پر عمان کے فیصلے کا خیر مقدم

مسقط/واشنگٹن،فروری۔امریکا نے جمعرات کو اسرائیل کے لیے اپنے فضائی حدود کھولنے کے عمان کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے اور اسے اپنی سفارتی کوششوں کی کامیابی قرار دیا۔وائٹ ہاؤس نے عمان کے ساتھ شراکت داری اور اس اقدام کے لیے سلطان ہیثم بن طارق کی قیادت کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔گذشتہ روز عمان نے اعلان کیا تھا کہ اس کی فضائی حدود اسرائیل کی ان تمام دو طرفہ پروازوں کے لیے کھلی رہیں گی جو شہری ہوابازی اتھارٹی کی شرائط پوری کرتے ہیں۔امریکا کی قومی سلامتی کونسل کی ترجمان ایڈرین واٹسن نے کہا کہ یہ فیصلہ واشنگٹن کی مہینوں کی خاموش سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے۔وائٹ ہاؤس نے کہا کہ عمان کا تاریخی اقدام گذشتہ سال امریکی صدر جو بائیڈن کے مشرق وسطیٰ کے دورے کے دوران شروع ہونے والے اس عمل کی تکمیل ہے جس کی ابتدا سعودی عرب کی فضائی حدود تمام سویلین طیاروں کے لیے کھولنے سے ہوئی تھی۔تاریخ میں پہلی بار ، اسرائیل جانے اور آنے والے مسافر اب اسرائیل اور ایشیا کے درمیان براہ راست راستوں پر سفر کر سکیں گے۔

Related Articles