ٹکٹ خریدنے والوں کو مفت سیاحتی ویزا دینگے، سعودی ایئرلائنز کا اعلان

لندن ،فروری ۔سعودی ائر لائنز نے اعلان کیا ہے کہ وہ ائر لائن کا ٹکٹ خریدنے والوں کو سیاحتی ویزا مفت فراہم کرے گی۔ ترجمان نے بتایا کہ یہ سروس بہت جلد شروع کی جائے گی۔ عرب ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی ائر لائنز کے ترجمان عبداللہ الشہرانی نے کہا ہے کہ رواں سال 2023کے دوران بین الاقوامی پروازوں کی تعداد میں 40فیصد اضافہ اور اندرون ملک پروازوں کے لئے نصف ملین نشستوں کا اضافہ کیا جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ رواں سال 2023 کے دوران ترقی کی رفتار کو برقرار رکھنے کے لئے 10 نئے طیارے بیڑے میں شامل ہوں گے اور ان کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ 10 میں سے 7 طیارے ائربس 321 نیو اور تین بوئنگ طیارے ہیں۔ ترجمان کے مطابق آنے والے چند دنوں میں سعودی ائرلائن بہت جلد ایک نئی سروس شروع کرنے جارہی ہے، جس میں ٹکٹ خریدنے پر اس کے ساتھ بغیر فیس کے سیاحتی ویزا جاری کیا جائے گا۔ عبداللہ الشہرانی نے کہا کہ یہ ویزا آپ کو سعودی عرب میں 96 گھنٹے (چار دن) گزارنے کی اجازت دیتا ہے۔ مسافر اس دوران ملک کے مختلف شہروں کا سفر کرسکتے ہیں اور عمرہ کرسکتے ہیں۔ سعودی ائر لائن کی پروازوں کے مسافروں کو سعودی وڑن 2030 کے مطابق سیاحوں کی سب سے زیادہ تعداد کو راغب کرنے کے لئے ٹکٹ خریدنے پر سیاحتی ویزا جاری کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اس ویزے کے اجراء سے سعودی عرب آنے والوں کو گھومنے پھرنے، تقریبات، میٹنگ اور پارٹیوں میں شرکت اور عمرہ کرنے کی سہولت دستیاب ہوگی۔اس سلسلے میں سعودی ائرلائن نے وزارت خارجہ، وزارت داخلہ، وزارت حج و عمرہ کے مہمانوں کی خدمت کے پروگرام جیسے کئی شعبوں کے ساتھ کام کیا ہے۔

Related Articles