قطرمیں چین سے آنے والے مسافروں پرپی سی آر ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنے کی پابندی

دوحہ،جنوری۔قطرنے چین سے آنے والے مسافروں پرمنگل سے کووِڈ-19 کا منفی پی سی آر ٹیسٹ پیش کرنے کی پابندی عاید کردی ہے۔قطرکی سرکاری خبررساں ایجنسی نے سوموارکو ایک بیان میں کہا ہے کہ مسافر کی ویکسی نیشن کی حیثیت سے قطع نظرروانگی سے 48 گھنٹے کے اندرپی سی آرٹیسٹ لیا جانا چاہیے اور اس کی رپورٹ منفی ہونی چاہیے۔قطراب ان 16 ممالک میں شامل ہوگیا ہیجنھوں نے چین سے آنے والے مسافروں پر پی سی آر ٹیسٹ کرانے اوراس کی منفی رپورٹ پیش کرنے کی شرائط عاید کی ہیں۔ان میں سے بعض ممالک نے قطر سے آنے والے زائرین پر ایک ساتھ پابندی عاید کی ہے۔مراکش نے ہفتے کے روز’’انفیکشن کی ایک نئی لہر‘‘کے پھیلاؤ کے بارے میں خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے 3 جنوری سے چینی مسافروں کے داخلے پر پابندی عاید کردی تھی۔چین کی حکومت نے7 دسمبر کو کروناوائرس پر قابو پانے کے لیے نافذالعمل سخت طریق کاراورپابندیوں کواچانک ختم کر دیا تھا اوراس کا کوئی پیشگی اعلان بھی نہیں کیا تھا۔ان پابندیوں میں لاک ڈاؤن، باربار بڑے پیمانے پر ٹیسٹ کرانے کی شرط اورسرحدوں کی بندش شامل تھی۔چین میں اس سخت پالیسی کے خاتمے کے بعد سے ہر روز کووِڈ-19 کے ہزاروں نئے کیس رپورٹ ہو رہے ہیں۔حکومت کی اعلیٰ صحت اتھارٹی کا کہنا ہے کہ دسمبرکے پہلے 20 دنوں میں 24 کروڑ80 لاکھ افراد یعنی کل آبادی کا قریباً 18 فی صد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔لندن میں قائم تحقیقی فرم ایئرفینیٹی لمیٹڈ کے مطابق چین میں کووڈ-19 سے ایک دن میں 25،000 اموات ہوسکتی ہیں۔

 

Related Articles