رشبھ کو متعدد چوٹیں ہیں، حالت مستحکم: بی سی سی آئی

ممبئی، دسمبر ۔انڈین ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کی صحت کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے اعزازی سکریٹری جے شاہ نے کہاکہ رشبھ پنتھ جمعہ کو ایک سڑک حادثے میں زخمی ہوگئے ہیں۔ انہیں کئی جگہوں پر چوٹیں آئی ہیں اور ان کی حالت مستحکم ہے۔ چوٹ اور مزید علاج کا پتہ لگانے کے لیے ان کا ایم آر آئی اسکین کیا جائے گا۔شاہ نے کہا کہ رشبھ کی کار آج صبح اتراکھنڈ کے روڑکی کے قریب حادثہ کا شکار ہوگئی۔ حادثے میں زخمی ہونے والے رشبھ کو اسپتال کے ملٹی اسپیشلٹی اینڈ ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رشبھ کے سر پر دو گہرے کٹ ہیں جبکہ ان کے دائیں گھٹنے میں لگیمنٹ پھٹ گئی ہے۔ ان کی دائیں کلائی، ٹخنے، پیر پر بھی چوٹیں ہیں اور ان کی کمر پر خراشیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ ’’رشبھ کی حالت مستحکم ہے۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد اب انہیں دہرادون کے میکس اسپتال میں علاج کے لیے بھیجا گیا ہے جہاں مزید علاج کے لیے ایم آر آئی اسکین کیا جائے گا۔ بی سی سی آئی رشبھ کے خاندان اور ان کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں کی ٹیم کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ بی سی سی آئی انہیں بہترین علاج فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔ ‘‘دریں اثنا، پولیس ذرائع نے بتایا کہ ریشبھ پنت اپنی مرسڈیز کارسے دہلی سے روڑکی اپنے گھر جا رہے تھے کہ کوتوالی منگلور علاقے کے محمد پور جاٹ کے قریب صبح تقریباً 5.30 بجے ان کی کار بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے بعد کار میں آگ لگ گئی۔ ریشبھ، ان کے ڈرائیور اور ایک دوسرے کو کار سے کسی طرح باہر نکالا گیا اور پولیس کی مدد سے روڑکی کے شکشم اسپتال لے جایا گیا۔

Related Articles