مختلف موضوعات پر اٹل جی کی صاف گوئی، اعتماد اور تقریری مہارت حیرت انگیز تھی: مسٹر برلا

نئی دہلی، دسمبر۔ اچھی حکمرانی کا دن عوامی نمائندوں کو اپنی ذمہ داریاں اخلاص کے ساتھ نبھانے کی تحریک دیتا ہے، شہریوں کو آگاہ کرتا ہے اور حکمرانی کے احتساب کو یقینی بناتا ہے۔ ان خیالات کا اظہارلوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے یوم پیدائش گڈ گورننس کے موقع پر کیا۔پارلیمانی روایات کو تقویت دینے میں اٹل جی کے بے مثل کردار کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مختلف موضوعات پر اٹل جی کی صاف گوئی، اعتماد اور تقریر کی مہارت حیرت انگیز تھی۔اٹل جی کی لگن اور ملک کو مضبوط اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے ان کی پہل کے بارے میں مسٹر برلا نے کہا کہ اٹل جی کی قیادت کا کروڑوں ہندوستانیوں پر مثبت اثر پڑا۔ انہوں نے اٹل جی کو ایک ممتاز رکن پارلیمنٹ، قابل منتظم، کامیاب مصنف، فصیح مقرر اور ایک عظیم شخصیت کے طور پر یاد کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔احتساب اور حکمرانی کی شفافیت کو یقینی بنانے میں اٹل جی کے کام کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ ان کی قیادت میں ملک نے مختلف شعبوں میں بے مثال ترقی کی ہے۔ ایٹمی توانائی سے لے کر بنیادی ڈھانچے کی ترقی، ٹیلی کام انقلاب، انتظامی اصلاحات، دیہی ترقی تک، اٹل جی کے وژن اور فیصلہ کن قیادت کی وجہ سے ملک نے ہر شعبہ میں بے مثال ترقی کی۔ کارگل جنگ میں اٹل جی کی حیرت انگیز فیصلہ سازی کی صلاحیت اور قیادت کو یاد کرتے ہوئے مسٹر برلا نے قوم کے تئیں اٹل جی کی لگن کو سلام کیا۔ مہامنا پنڈت مدن موہن مالویہ جی کو ان کی 161 ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مسٹر برلا نے ہندوستان کے تعلیمی نظام میں ان کے تعاون اور ہندوستان کی آزادی کی تحریک میں ان کے نمایاں کردار کے لیے عظیم انسان کو یاد کیا۔ انہوں نے مہامنا کو ایک مشہور اسکالر، تعلیمی مصلح، قابل احترام سیاست دان اور سماجی مصلح کے طور پر بیان کیا اور تمام نوجوانوں سے ان کی زندگی سے تحریک لینے کی اپیل کی۔اس سے قبل وزیر اعظم ا ورلوک سبھا اسپیکر اوم برلا کی قیادت میں ارکان پارلیمنٹ نے آج پنڈت مدن موہن مالویہ اور سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کو ان کی یوم پیدائش کے موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس کے سنٹرل ہال میں ان کی تصویروں پر گلہائے عقیدت پیش کیا۔گلہائے عقیدت پیش کرنے والے دیگر معززین میں کئی مرکزی وزراء، ارکان پارلیمنٹ، سابق ارکان پارلیمنٹ اور دیگر معززین شامل تھے۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل اْتپل کمار سنگھ اورپی سی ماڑی نے بھی خراج عقیدت پیش کیا۔لوک سبھا سکریٹریٹ کے ذریعہ ہندی اور انگریزی میں شائع کردہ پنڈت مدن موہن مالویہ اوراٹل بہاری واجپئی کی سوانح حیات پر مشتمل کتابچے پروگرام میں حصہ لینے والے معززین کو پیش کئے گئے۔قبل ازیں لوک سبھا کے اسپیکر مسٹر اوم برلا نے نئی دہلی میں اٹل سمادھی پر اٹل بہاری واجپئی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ملک بھر سے منتخب نوجوانوں نے پنڈت مدن موہن مالویہ اور شری اٹل بہاری واجپئی کو وزارت تعلیم اور وزارت برائے امور نوجوانان اور کھیل حکومت ہند کے تعاون سے خراج عقیدت پیش کیا اور منتخب شرکاء نے پنڈت مدن موہن مالویہ اور اٹل واجپئی کو خراج عقیدت پیش کیا۔خیال رہے کہ پنڈت مدن موہن مالویہ اور شری اٹل بہاری واجپئی کے پورٹریٹ کی نقاب کشائی بالترتیب 19 دسمبر 1957 اور 12 فروری 2019 کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سنٹرل ہال میں قوم کے لیے ان کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں کی گئی تھی۔ صدرہند نے پنڈت مدن موہن مالویہ (بعد از مرگ) اور اٹل بہاری واجپئی کو 2015 میں ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز ’بھارت رتن‘ سے نوازا۔

Related Articles