ہندوستان پر منڈلا رہا ہے شکست کا خطرہ

ڈھاکہ، دسمبر۔ بنگلہ دیش کے خلاف 145 رن کے معمولی ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستان نے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن ہفتہ کو 45 رن پر چار وکٹ گنوا دیئے۔ ہندوستان کو جیت کے لیے ابھی 100 رن درکار ہیں اور صرف چھ وکٹیں باقی ہونے کی وجہ سے ٹیم پر شکست کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔ اکشر پٹیل (ناٹ آؤٹ 26) اور جے دیو انادکٹ (تین ناٹ آؤٹ) وکٹ پر ہیں۔ہدف کے تعاقب میں ہندوستان نے دفاعی انداز اپنایا اور 23 اوور میں 45 رن بنائے۔ بنگلہ دیش نے دونوں سروں سے اسپن گیند بازوں کو کام میں لگا کر ہندوستان پر دباؤ بنایا، جس کا انہیں فائدہ بھی ہوا۔ مہدی حسن معراج نے شبھمن گل، چیتشور پجارا اور وراٹ کوہلی کو آؤٹ کیا جبکہ شکیب الحسن نے لوکیش راہل کو دو دو رن پر آؤٹ کیا۔ اکشر نے دن کا اختتام چوکا لگاکر کیا، حالانکہ ہندوستان کا رن ریٹ دو رن فی اوور سے کم ہے۔اس سے قبل سلامی بلے باز ذاکر حسن (51) اور لٹن داس (73) کی جدوجہد سے پرنصف سنچریوں کی مدد سے بنگلہ دیش نے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن ہفتہ کو ہندوستان کے سامنے 145 رنوں کا ہدف رکھا۔ذاکر نے 135 گیندوں کی اننگ میں پانچ چوکوں کی مدد سے 51 رن بنائے، جبکہ لٹن نے 98 گیندوں میں سات چوکوں کی مدد سے 73 رنوں کا تعاون دیا۔ہندوستان نے تیسرے دن اچھی شروعات کی اور بنگلہ دیش کے 70 رنوں پرچاروکٹ گرادئے۔ ذاکر اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد اومیش یادو (32/1) کا شکار ہوگئے، جبکہ اکشر پٹیل (68/3) نے مہدی حسن میراز کو صفر پر آؤٹ کیا۔بنگلہ دیش کے چھ وکٹ 113 رن پر گرنے کے بعد وکٹ کیپر نورالحسن نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 29 گیندوں پر 31 رن بنائے۔ لٹن اور نورالحسن نے ساتویں وکٹ کے لیے 46 رن کی شراکت قائم کی، جبکہ نورالحسن کا وکٹ گرنے کے بعد لٹن اور تسکین احمد نے بھی آٹھویں وکٹ کے لیے 60 رن جوڑے۔ ان دونوں شراکتوں کی مدد سے بنگلہ دیش نے 231 رن بناکرہندوستان کے سامنے 145 رنوں کا ہدف رکھا۔ تسکین 46 گیندوں پر 31 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ہندوستان کی جانب سے محمد سراج اور روی چندرن اشون نے دو دو وکٹ حاصل کئے، جبکہ جے دیو انادکٹ کو ایک وکٹ ملا۔

Related Articles