ہندوستان نے 65 رنز سے جیت کے ساتھ ہی سیریز میں ناقابل تسخیر برتری حاصل کرلی

ماؤنٹ مونگانوئی، نومبر۔سوریہ کمار یادو (ناٹ آؤٹ 111) کی دھماکہ خیز سنچری اور دیپک ہڈا (10/4) کی قیادت میں گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے اتوار کو دوسرے ٹی 20 میں نیوزی لینڈ کو 65 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی۔ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو 20 اوورز میں 192 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 18.5 اوورز میں 126 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ہندوستان کی جانب سے سوریہ کمار یادو نے 51 گیندوں میں 11 چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے 111 رنز بنائے۔ اس سال انگلینڈ میں میزبان ٹیم کے خلاف سنچری بنانے والے سوریہ کمار اس سنچری کی مدد سے ایک سال میں دو سنچریاں بنانے والے روہت شرما (2018) کے بعد دوسرے ہندوستانی بلے باز بن گئے۔ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کبھی بھی مطلوبہ رن ریٹ حاصل نہیں کرسکا۔ کپتان کین ولیمسن نے اپنی ٹیم کے لیے سب سے زیادہ 61 رنز بنائے لیکن اس کے لیے انھوں نے 52 گیندیں کھیلیں۔ اس کے علاوہ نیوزی لینڈ کے سات بلے باز ڈبل فیگرز کو بھی نہ چھو سکے اور پوری ٹیم 126 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔پہلا میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد ہندوستان نے میچ جیت کر سیریز میں 1-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ منگل کو نیپئر میں کھیلا جائے گا۔نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا اور ابتدائی اوورز میں محتاط گیند بازی کی۔ اننگز کا آغاز کرنے والے رشبھ پنت نے جدوجہد کی اور 13 گیندوں میں چھ رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ ایشان کشن نے کچھ اچھے شاٹس کھیلے، حالانکہ وہ 31 گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے صرف 36 رنز ہی بنا سکے۔ شریاس ایر (13) نے چوکے لگا کر اننگز کا آغاز کیا لیکن بدقسمتی سے ہٹ وکٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ہندوستان نے 10 اوورز میں صرف 75 رنز بنائے تھے جس کے بعد سوریہ کمار نے اننگز کی رفتار کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے تیسری وکٹ کے لیے ایر کے ساتھ 39 رنز کی شراکت داری کی، جب کہ کپتان ہاردک پانڈیا (13) کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 82 رنز جوڑے۔ سوریہ کمار کی طوفانی بلے بازی کی بدولت ہندوستان نے آخری پانچ اوورز میں 72 رنز جوڑے۔ تاہم، ٹم ساؤتھی نے آخری اوور میں ہیٹ ٹرک کی، پانڈیا، ہڈا اور واشنگٹن سندر کو آؤٹ کیا اور صرف پانچ رنز دے کر ہندوستان کو 20 اوورز میں 191/6 تک محدود کردیا۔ساؤتھی کے علاوہ لوکی فرگوسن نے چار اوورز میں 49 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایش سودھی نے چار اوورز میں 35 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔نیوزی لینڈ نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے سست آغاز کیا اور پاور پلے میں فن ایلن کو صفر پر کھونے کے بعد 32 رنز جوڑے۔ ڈیون کون وے اور کین ولیمسن نے دوسری وکٹ کے لیے 56 رنز کی شراکت داری کی۔ واشنگٹن سندر نے اپنے پہلے اوور میں 17 رنز دیے لیکن اگلے اوور میں کونوے (25) کو پویلین بھیج دیا۔کیویز نے نو اوورز میں دو وکٹ پر صرف 63 رنز بنائے تھے اور یوزویندر چہل نے گلین فلپس اور جیمز نیشم کو آؤٹ کرکے ان کی پریشانیوں میں اضافہ کیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے کپتان ولیمسن نے سب سے زیادہ 61 رنز بنائے لیکن وہ رن ریٹ میں کبھی اضافہ نہ کر سکے۔ ان کی جدوجہد کا خاتمہ 18ویں اوور میں محمد سراج نے کیا۔ ہڈا نے 19ویں اوور میں تین وکٹوں کے ساتھ نیوزی لینڈ کی اننگز کا خاتمہ کیا۔ انہوں نے 2.5 اوورز میں دس رن دے کر چار وکٹ لیے، جو کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی۔ٹوئنٹی میں ہندوستانی بولر کی بہترین کارکردگی ہے۔اس کے علاوہ یوزویندر چہل نے چار اوورز میں 26 رن دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد سراج نے چار اوورز میں 24 رن دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ بھونیشور کمار اور واشنگٹن سندر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Related Articles