ترکی سے مانچسٹر آنے والی پرواز کی خطرے کی اطلاع پر سٹینسٹد میں لینڈنگ

لندن،اکتوبر۔ ترکی سے مانچسٹر آنے والی جیٹ 2 کی پرواز کا رخ آن بورڈ ممکنہ خطرے کی اطلاع کے بعد لندن کے سٹینسٹڈ ائرپورٹ کی جانب موڑ دیا گیا۔ ایسیکس پولیس نے کہا کہ دارالامان سے آنے والی اس پرواز کو سٹینسٹڈ لے جایا گیا، جہاں بدھ کی شام اس نے بحفاظت لینڈنگ کی۔ آفیسرز نے بتایا کہ کوئی خطرہ نہیں تھا۔ فورس نے ایک بیان میں کہا کہ رات 9 بجے سے کچھ پہلے ہمیں ترکی سے آنے والی اس پرواز پر ممکنہ خطرے کی اطلاع ملی تھی، جس کی وجہ سے جیٹ 2 کی پروازکو سٹینسٹڈ ائرپورٹ لے جایا گیا تھا، جہاں اسے بحفاظت اتارا گیا اور اسے مین پیسنجر ٹرمینل سے دور پارک کیا گیا۔ آفیسرز کا کہنا ہے کہ انکوائریز کی وجہ سے رن وے کو کچھ دیر کیلئے بند کر دیا گیا تھا۔ اس دوران آفیسرز یہ تعین کرنے میں کامیاب ہوئے کہ پرواز پر آن بورڈ کوئی خطرہ نہیں۔ اس کے بعد مسافروں کے آگے کے سفر کا انتظام کیا گیا اور رن وے کو دوبارہ کھول دیا گیا۔

Related Articles