ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: بھارتی کپتان روہت شرما اوپنر کے ایل راہل کے دفاع میں سامنے آ گئے

ممبئی ،ستمبر۔بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ٹیم کے اوپنر کے ایل راہل کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی کچھ بھی کہے راہل ٹیم کا اثاثہ ہیں اور وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اوپننگ کریں گے۔روہت شرما کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اوپننگ کے لیے وراٹ کوہلی ایک اچھا آپشن ضرور ہیں لیکن اس پوزیشن پر کھلانے کے لیے ان کی پہلی ترجیح راہل ہی ہوں گے۔بھارتی اوپننگ بیٹر کے ایل راہل نے انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد ایشیا کپ میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کی تھی لیکن وہ کوئی بڑا اسکور نہیں کر سکیتھے۔راہل نے ایشیا کپ کے پانچ میچز میں صرف 122 رنز بنائے تھے جس پر انہیں تنقید کا سامنا تھا۔ایشیا کپ میں راہل کی غیر تسلی بخش کارکردگی اور وراٹ کوہلی کی شاندار بیٹنگ کے بعد شائقین یہ مطالبہ کر رہے تھے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں روہت شرما کے ساتھ کوہلی کو اوپننگ کرنا چاہیے۔لیکن بھارتی کپتان نے راہل کا دفاع کر کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں راہل کے اوپننگ کرنے یا نہ کرنے کی بحث کو ختم کرنے کی کوشش کی ہے۔وراٹ کوہلی نے ایشیا کپ میں افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی پہلی سینچری بنائی تھی۔ اس کے علاوہ پورے ایونٹ میں ان کی کارکردگی اطمینان بخش دکھائی دی اور وہ ایشیا کپ کے دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز رہے۔ کوہلی نے پاکستان کے بلے باز محمد رضوان کے بعد سب سے زیادہ 276 رنز بنائے تھے۔آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے روہت شرما نے کہا کہ کے ایل راہل بھارتی کرکٹ ٹیم کے لیے انتہائی اہم کھلاڑی ہیں اور وہ بھارت کے ٹاپ آرڈر میں سب سے پہلی چوائس ہوں گے۔روہت شرما کا کہنا تھا ” میں یہ واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ کے ایل راہل کے حوالے سے ہمارے خیالات بالکل واضح ہیں اور ہم کسی الجھاؤ کا شکار نہیں۔”ان کے بقول کے ایل راہل کی کارکردگی بعض اوقات توجہ سے محروم رہ جاتی ہے لیکن وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ٹیم کے اوپنر ہوں گے۔بھارتی کپتان نے کہا کہ وراٹ کوہلی ٹیم میں تیسرے اوپنر کے طور پر ہیں اور ہم ہر کھلاڑی کی صلاحیتوں کے بارے میں سمجھ بوجھ رکھتے ہیں کہ وہ ٹیم کے لیے کیا کچھ کر سکتا ہے۔سولہ اکتوبر کو شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل بھارت آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف تین تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گا۔

 

Related Articles