ہند-بحرالکاہل میں امن اور خوشحالی کے لیے ہند-جاپان تعلقات ضروری: راجناتھ

ٹوکیو،  ستمبر۔ہندوستان اور جاپان نے انڈو پیسیفک علاقے میں امن اور خوشحالی کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات انتہائی ضروری قرار دیتے ہوئے سمندری شعبے میں تعاون کو وسعت دینے اورپختہ کرنے کے بارے میں پر اتفاق کیا ہے۔دونوں ممالک کا کہنا ہے کہ آزاد، کھلے، ضوابط پر مبنی اور جامع ہند-بحرالکاہل خطے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کا ہونا بہت ضروری ہے۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کے ساتھ جمعرات کوٹوکیو میں دوسرے ہند-جاپان ٹو پلس ٹو وزارتی مذاکرات میں شرکت کے بعداپنے بیان میں یہ بات کہی۔ مذاکرات میں جاپانی فریق کی نمائندگی وزیر دفاع یاسوکازو ہمدا اور وزیر خارجہ یوشیماسا ھایاشی نے کی۔ بات چیت کے دوران تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا گیا اور مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مسٹر سنگھ نے کہا، "ہم نے سمندری خطے میں بیداری بڑھانے سمیت سمندری تعاون میں اضافہ کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مضبوط ہند-جاپان تعلقات آزاد، کھلے، ضوابط پر مبنی اور ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر مبنی ایک جامع ہند-بحرالکاہل خطے کے لیے بہت ضروری ہے۔ ہندوستان کے انڈو پیسیفک پہل اور جاپان کے آزاد اور کھلے ہند پیسفک منصوبے میں کافی یکسانیت ہے۔ ہندوستان نے خطے کے تمام ممالک کے ساتھ سلامتی اور ترقی کے نقطہ نظر کی بنیاد پر ساگر پلان کے تحت بھی علاقائی شراکت داروں کے ساتھ سمندری شعبے میں تعاون بڑھایا ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ بات چیت کے فریقین نے باہمی مفاد کے مختلف دوطرفہ اور علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا، "ایشیا کی دو بڑی جمہوریتوں کے طور پر، ہم ایک خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری پر عمل پیرا ہیں۔ سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے کے پیش نظر یہ سال اہم ہے اورہند بحرالکاہل خطے میں امن اور خوشحالی کے لیے بہت اہم ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں فریقوں نے فوجی تعاون اور تبادلوں کی اہمیت کو سمجھا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ دو طرفہ مشقوں کے دائرے اورپیچیدگی کو بڑھایا جانا چاہیے۔ تینوں افواج اور کوسٹ گارڈ کے درمیان اعلیٰ سطح پر ایک معاہدہ بھی طے پایا ہے۔ بات چیت کے دوران ملن مشق میں اس بار جاپان کی شرکت کا بھی ذکر کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ ان کی فضائیہ لڑاکا طیاروں کی پہلی مشق پر سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔مسٹرسنگھ نے کہا کہ انہوں نے نئی اور اہم ٹیکنالوجی کے میدان میں رابطے کو مزید بڑھانے کی تجویز پیش کی اور ساتھ ہی جاپانی دفاعی کمپنیوں سے ہندوستانی دفاعی راہداریوں میں سرمایہ کاری کے امکانات تلاش کرنے کے لئے بھی کہا۔ دونوں فریقوں نے اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا اور تنازعات کے بین الاقوامی قوانین کے مطابق پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا۔قبل ازیں مسٹر سنگھ نے جاپانی وزیر دفاع کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کے دوران دفاعی شعبے میں باہمی تعاون کا بھی جائزہ لیا۔

Related Articles