عالیہ بھٹ، رنبیر کپور کی شادی طے: اس لو سٹوری کی شروعات کیسے ہوئیں؟

ممبئی،اپریل۔بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ اور اداکار رنبیر کپور کی محبت کی کہانی ایک زمانے سے خبروں میں ہے۔ بھٹ خاندان کے مطابق دونوں شادی کرنے والے ہیں اور شادی کی تاریخ بھی طے ہو چکی ہے۔ان دونوں کی محبت کی کہانی کی بات کی جائے تو عالیہ بھٹ نے اپنی پہلی فلم کی ریلیز سے قبل ہی رنبیر کپور سے اپنی محبت کا لگ بھگ انکشاف کر دیا تھا اور یہ سنہ 2012 کی بات ہے جب عالیہ بھٹ کی فلم ’سٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ ریلیز ہوئی تھی۔فلمی حلقوں میں عالیہ بھٹ اور رنبیر کوپر کی شادی کے چرچے کافی عرصے سے ہو رہے ہیں۔ گذشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ساتھ تصویر آنے پر لوگوں نے اْن کی شادی کی تاریخ کے بارے میں پوچھنا شروع کر دیا تھا۔اب شادی کی تاریخ بھی سامنے آ گئی ہے۔ عالیہ بھٹ کے چچا رابن بھٹ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے شادی کی تاریخ طے پا جانے کی تصدیق کی ہے۔انھوں نے کہا کہ ’عالیہ اور رنبیر 14 اپریل کو شادی کریں گے۔ شادی کا استقبالیہ پانچ دنوں پر مبنی ہو گا اور یہ 18 اپریل تک جاری رہے گا۔ شادی کی رسومات آر کے ہاؤس میں ہوں گی۔‘شادی کی تقریب میں کپور اور بھٹ خاندان کے ساتھ ساتھ اْن کے قریبی دوست بھی شرکت کریں گے۔ عالیہ شادی سے پہلے اپنے خاص دوستوں کے ساتھ بیچلر پارٹی بھی کرنے والی ہیں۔عالیہ بھٹ اب کپور خاندان میں شامل ہونے جا رہی ہیں۔ اس سے پہلے وہ کپور خاندان کے افراد کے ساتھ فلموں میں کام کر چکی ہیں۔عالیہ نے اداکار رشی کپور کے ساتھ اپنی پہلی فلم ’سٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ میں کام کیا۔ اس کے بعد عالیہ نے رشی کپور کے ساتھ فلم ’کپور اینڈ سنز‘ میں بھی کام کیا۔رشی کپور کو کئی بار عالیہ بھٹ کی اداکاری کی تعریف کرتے دیکھا گیا۔ وہ کئی بار کہہ چکے ہیں کہ عالیہ آج کے نوجوان اور سب سے باصلاحیت اداکاروں میں سے ایک ہیں۔رشی کپور کی طرح عالیہ کا رشتہ بھی رنبیر کی والدہ، اداکارہ نیتو کپور، کے ساتھ بہت خاص رہا ہے۔ عالیہ کی تعریف کرتے ہوئے نیتو کپور کہتی ہیں کہ ’میں عالیہ سے بہت پیار کرتی ہوں۔ عالیہ ایک شاندار انسان ہیں اور بہت پیاری ہے۔ وہ دونوں ایک اچھی جوڑی بن سکتے ہیں اور اب میں بھی ان کی شادی کا انتظار کر رہی ہوں۔‘’کافی ود کرن‘ شو پر عالیہ نے کیا کہا؟عالیہ بھٹ نے ٹی وی شو ’کافی ود کرن‘ میں رنبیر کپور کی طرف اپنے میلان کی جانب اشارہ کیا تھا اور یہ وہ وقت تھا جب وہ پہلی بار ’سٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ کی تشہیر کے لیے اس شو میں گئی تھیں۔ شو میں ہدایتکار اور پروڈیوسر کرن جوہر نے اْن سے پوچھا تھا کہ ’آپ اپنی شادی کے سویمبر میں کن تین اداکاروں کو دیکھنا چاہیں گی؟‘سویمبر انڈیا کی ایک قدیم شاہی رسم ہے جس میں شہزادیاں اپنے ’ور‘ یعنی دولھے کا انتخاب کرتی ہیں۔اس پر عالیہ نے سب سے پہلے رنبیر کپور کا نام لیا اور اْس کے بعد سلمان خان اور آدتیہ رائے کپور کا۔اس کے بعد کرن جوہر نے مزید دو سوالات کیے جس کے جواب میں بھی عالیہ نے رنبیر کپور کا نام لیا۔ یہ دو سوالات یہ تھے کہ عالیہ ’سٹیمی سین‘ یعنی ’شہوت انگیز سین‘ کس کے ساتھ کرنا چاہیں گی اور کس سے شادی کرنا چاہیں گی۔ ان کے جواب میں عالیہ نے جو کہا وہ اب حقیقت بننے جا رہا ہے۔
عالیہ اور رنبیر کی پہلی ملاقات:بہت کم لوگ یہ بات جانتے ہیں کہ عالیہ بھٹ کی محبت کی کہانی سنجے لیلا بھنسالی کے سیٹ پر شروع ہوئی تھی۔ عالیہ بھٹ نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ انھوں نے رنبیر کپور کو پہلی بار سنہ 2005 میں دیکھا تھا اور اس کے بعد ’مجھے پہلی بار رنبیر پر کرش ہو گیا تھا۔‘انھوں نے بتایا تھا کہ ’جب میں سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’بلیک‘ کے لیے آڈیشن دے رہی تھی تو رنبیر وہاں بطور اسسٹنٹ کام کر رہے تھے۔ یہیں انھیں دیکھ کر میں دل ہار گئی۔‘
دونوں کب، کب ساتھ نظر آئے:عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے افیئر کے چرچے اس وقت شروع ہوئے جب دونوں نے ہدایتکار ایان مکھر جی کی فلم ’برہمستر‘ سائن کی تھی۔شروع میں لوگوں کا خیال تھا کہ یہ فلم ’برہمستر‘ کی تشہیر کا حصہ ہے، لیکن آہستہ آہستہ یہ گپ شپ بھی شروع ہو گئی کہ برہمستر کی شوٹنگ کے وقت سے ہی وہ ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے ہیں۔افیئر کی خبروں کو مزید ہوا اس وقت ملی جب عالیہ اور رنبیر پہلی بار سونم کپور کی شادی کے استقبالیہ میں ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑے پہنچ گئے۔ اس کے بعد دونوں کو کئی ایوارڈ فنکشنز میں بھی ایک ساتھ دیکھا گیا۔
عالیہ کو کپور فیملی کے ساتھ دیکھا جانے لگا:رنبیر کپور بالی وڈ کے ان ہیروز میں سے ایک ہیں جن کا نام اداکارہ دیپکا پاڈوکون، کترینہ کیف اور سونم کپور جیسی کئی اداکاراؤں کے ساتھ جوڑا جا چکا ہے۔ لیکن، ایسا پہلی بار ہوا کہ رنبیر کپور کی گرل فرینڈ اور فیملی ایک ساتھ فیملی فنکشن میں شریک ہوئے ہوں۔عالیہ بھٹ کو اپنے والد مہیش بھٹ اور والدہ سونی رازدان کے ساتھ دوپہر کے کھانے اور رات کے کھانے کے علاوہ کپور خاندان کی کئی فیملی فنکشنز میں دیکھا گیا۔ یہی نہیں ششی کپور اور رشی کپور کی موت کے بعد بھی عالیہ بھٹ کپور خاندان کے غم میں شریک نظر آئیں۔رنبیر اور عالیہ کئی ٹی وی اشتہارات میں بھی ایک ساتھ نظر آ چکے ہیں۔ اب شادی کے بعد دونوں فلم ’برہمستر‘ میں نظر آنے والے ہیں۔اس فلم کی شوٹنگ کافی عرصے سے چل رہی تھی۔ کورونا کی وجہ سے فلم کو بننے میں کافی وقت لگا۔ ایان مکھرجی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں رنبیر اور عالیہ کے علاوہ ’بالی وڈ کے شہنشاہ‘ امیتابھ بچن بھی نظر آنے والے ہیں۔یہ فلم تین حصوں میں دکھائی جائے گی اور اس کا پہلا حصہ نو ستمبر 2022 کو ریلیز کیا جائے گا۔

Related Articles