تلنگانہ: صدرجمہوریہ نے رامانجو چاریہ کی 120 کلو وزنی سونے کی مورتی کی نقاب کشائی کی

حیدرآباد۔ فروری ۔صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے حیدرآباد کے نواحی علاقہ مچنتل میں واقع جیوا آشرم میں گیارہویں صدی کے فلسفی و سماجی جہدکار رامانجوچاریہ کی120 کلو وزنی سونے کی مورتی کی نقاب کشائی انجام دی۔ صدرجمہوریہ کے ساتھ ان کی اہلیہ سویتاکووند بھی موجود تھیں۔ صدرجمہوریہ فضائیہ کے خصوصی طیارہ کے ذریعہ مہاراشٹرا سے حیدرآباد کے بیگم پیٹ ایرپورٹ پہنچے جہاں گورنر ڈاکٹر تمیلی سائی سوندراراجن، وزیراعلی چندرشیکھرراو، وزیر سرینواس یادو، میئر وجے لکشمی اور دیگر نے ان کا استقبال کیا۔ ایرپورٹ سے سیدھے صدرجمہوریہ آشرم روانہ ہوئے جہاں انہوں نے 120 کلو کے مجسمہ کی نقاب کشائی کی۔ رام ناتھ کووند، نقاب کشائی کے بعد پوجا کرنے والی پہلی شخصیت بن گئے۔ انہوں نے آشرم کی مندر کا درشن بھی کیا۔ان کے دورہ کے سلسلہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے۔ تقریباً 7 ہزار ملازمین پولیس کو تعینات کیا گیا تھا۔بعض مقامات پر ٹریفک کی پابندیاں بھی عائد کی گئی تھیں۔ واضح رہے کہ 5 فروری کو وزیراعظم نے رامانجو چاریہ کی 1000 ویں یوم پیدائش کے موقع پر اس آشرم میں مجسمہ مساوات کی نقاب کشائی انجام دی تھی جنہوں نے قومیت، نسل، جنس،ذات سے بالاتر ہوکر ہر انسان کی مساوات کے جذبہ اور عوام کو اونچا اٹھانے کے لئے بے تکان کام کیا تھا۔

 

Related Articles