فضائیہ کے حادثہ کا شکار ہیلی کاپٹر کابلیک باکس ملا

کنور، دسمبر۔ تمل ناڈو کے پہاڑی ضلع نیل گیری میں کنور کے قریب گر کر تباہ ہونے والے ہندوستانی فضائیہ کے ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس جمعرات کی صبح مل گیا۔بدھ کے روز پیش آئے اس ہیلی کاپٹر حادثے میں ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل بپن راوت، ان کی اہلیہ اور دیگر 11 افراد کی موت ہوگئی ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس آج صبح کٹیری میں جائے حادثہ کے قریب ناچاپورچتی رام کے گھنے جنگلاتی علاقے میں پایا گیا۔سینئر فوجی افسران نے بلیک باکس کو اپنے قبضے میں لئے لیا اور اس کے بعد اسے ویلنگٹن کے ڈیفنس سروس اسٹاف کالج لے جا کر وہاں کے افسران کے حوالے کر دیا۔دریں اثنا، قومی پرچم میں لپٹے جنرل راوت، ان کی اہلیہ مدھولیکا راوت اور دیگر 11 افراد کے جسد خاکی پھولوں سے سجی فوجی گاڑی سے کالج کیمپس میں رکھا گیا ہے تاکہ لوگو ان کے آخری دیدار کرسکیں۔اس کے بعد جسد خاکی کو سلور ہوائی اڈے پر لے جایا جائے گا، جہاں سے انہیں ایئر فورس کے خصوصی طیارے کے ذریعے آخری رسومات کے لیے نئی دہلی لے جایا جائے گا۔تمل ناڈو فارنسک ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروں کی ایک ٹیم نے آج صبح جائے حادثہ کا معائنہ کیا اور جائے وقوع سے باقیات اکٹھا کئے۔کل جب ہیلی کاپٹر سولور سے ویلنگٹن جا رہا تھا تو کٹیری کے قریب اس میں آگ لگ گئی۔ فضائیہ نے حادثے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

 

Related Articles