وجے سیتھوپتی کو اپنی ہی فلمیں دیکھنے میں پریشانی
چنئی،اکتوبر۔جنوبی بھارت کے نامور اداکار وجے سیتھوپتی نے اپنی ہی فلموں کو دیکھنے میں پریشانی کا اظہار کردیا۔ اپنے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران وجے سیتھوپتی کا کہنا تھا کہ میں ایک اداکار ہوں اور فن کے بغیر میں کچھ بھی نہیں، اس لیے میں شہرت کو سر پر سوار نہیں کرتا بلکہ صرف کام پر توجہ دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں دن میں کام کرتا ہوں اور اپنے کام کے بعد جاکر سو جاتا ہوں، مجھے فلمیں دیکھنا پسند نہیں ہے۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ آپ اپنی فلمیں بھی نہیں دیکھتے تو انہوں نے جواب دیا کہ میں اپنی فلمیں صرف ڈبنگ سیشن کے دوران دیکھتا ہوں۔ ساتھ میں وجے سیتھوپتی کا یہ بھی کہنا تھا کہ میرے لیے اپنی ہی فلمیں دیکھنا بہت مشکل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے معلوم ہے میں فلمیں دیکھ کر اپنی ہی غلطیاں نکالوں گا جو میرے لیے اچھا نہیں ہے۔وجے کا کہنا تھا کہ میرا یقین ہے کہ میں نے جو بھی کام کیا وہ اب دنیا کے سامنے چلا گیا ہے اور ماضی ہوگیا ہے اور اس وقت میں جو کام کر رہا ہوں وہ میرے لیے اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کچھ نہیں ہے آیا کہ میں کتنا بڑا ہوں، یہ صرف میرا کام ہے جو ہمیشہ رہے گا چاہے اب میں رہوں یا نہیں۔