اسماعیل ھنیہ کو قطرمیں کامیاب پارلیمانی انتخابات پرامیرقطر کومبارک باد
دوحا،اکتوبر۔اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نی قطر میں کامیاب پارلیمانی انتخابات کے انعقاد پر امیر قطر اور قطری قوم کو مبارک باد پیش کی ہے۔اپنے ایک بیان میں اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ حماس اورپوری فلسطینی قوم امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی کو کامیاب انتخابات پر مبارک باد پیش کرتی ہے۔اسماعیل ھنیہ کی طرف سے امیر قطر کو ایک تہنیتی پیغام بھیجا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ قطر میں کامیاب اور بھرپور عوامی شرکت سے منعقد ہونے والے پارلیمانی انتخابات سے حماس اور پوری فلسطینی قوم خوشی سے سرشار ہے۔خیال رہے کہ امیرِ قطر تمیم بن حمد آل ثانی کے حکم پر ملک میں ہونے والے پہلے عام انتخابات میں ووٹنگ کی شرح 63 فیصد رہی۔ ووٹنگ کے لیے مرد اور خواتین کے الگ الگ پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے۔خواتین کی بھی کثیر تعداد نے ووٹنگ میں حصہ لیا۔ ملک میں سیاسی جماعتیں نہ ہونے کے باعث 233 امیدواروں نے آزاد حیثیت میں حصہ لیا تھا۔ ووٹ ڈالنے کا ٹرن آؤٹ 44 فیصد رہا۔مجلس شوریٰ کے 30 ارکان کا انتخاب تو الیکشن کے ذریعے ہو گیا تاہم اب 15 ارکان کا انتخاب امیرِ قطر اپنا استحقاق استعمال کرتے ہوئے خود کریں گے۔ ممکن ہے وہ کسی خاتون رکن کا انتخاب کر لیں۔