فلپائن میں شدید سیلاب سے 32 افراد ہلاک
منیلا، دسمبر ۔فلپائن میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب میں جان کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 32 ہو گئی ہے۔سی این این کی خبر کے مطابق نیشنل بورڈ فار ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ منیجمنٹ کی جانب سے جاری کردہ بیان کہا گیا ہے کہ سیلاب میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 32 ہوگئی، 11 افراد زخمی اور 24 افراد کابھی تک لا پتہ ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اپنی جانیں گنوانے والے 32 افراد میں سے کم از کم 16 کا تعلق منڈاناؤ کے علاقے سے تھا اور یہ خطہ آفت سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے مقامات میں سے ایک ہے۔بیان میں کہا گیا کہ 18 صوبوں کے کم از کم 6 خطوں میں شدید بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب کے باعث 56 ہزار 110 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ اس سیلاب سے تقریباً 486 ہزار افراد متاثر ہوئے اور کم از کم 81 ہزار افراد کو عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کیا جاچکا ہے۔اطلاع کے مطابق تباہی میں 4 ہزار 68 مکانات کو نقصان پہنچا، سیلاب سے 123 سڑکیں اور 12 پل متاثر ہوئے، اور اب تک کئی گھروں کو بجلی فراہم نہیں کی جا سکی ہے ۔فلپائن ہر سال اوسطاً 20 آفات مثلاً ٹائفون اور طوفانوں کا شکار ہونے والا یہ ملک قدرتی آفات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہے۔