پانچویں وندے بھارت ایکسپریس جنوبی ہندوستان میں چلے گی
نئی دہلی، اکتوبر۔ ملک کی پانچویں وندے بھارت ایکسپریس بالآخر اسی شہر کوملنے جا رہی ہے جہاں اس کی ایجاد ہوئی تھی اور اب زیر تعمیر ہے۔یہ ٹرین چنئی سے کرناٹک کے میسور کے درمیان چلائی جائے گی۔ذرائع کے مطابق اس ٹرین کو دیوالی کے بعد 10 نومبر کو میسور سے شروع کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ ممکن ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اس دن میسور سے اس ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔اگلے سال کرناٹک میں انتخابات ہونے والے ہیں اور وہاں ابھی سے انتخابی گہما گہمی شروع ہو گئی ہے۔جمعرات کو چوتھی وندے بھارت ایکسپریس کا افتتاح وزیر اعظم مسٹرمودی نے اونا ہماچل سے کیا۔ یہ ٹرین اب ادورا (ہماچل پردیش) سے نئی دہلی تک چلے گی اور کئی ہندو اور سکھ تیرتھوں کوجوڑے گی۔ تیسری وندے بھارت کا افتتاح 30 ستمبر کو مسٹر مودی نے گاندھی نگر کیپیٹل سے ممبئی سینٹرل کے لئے کیا تھا اور خود بھی گاندھی نگر کیپیٹل سے احمد آباد تک کا سفر کیا تھا۔