جنوبی۔ جنوب تعاون افریقی تعلقات کی بنیاد ہے: نائیڈو
نئی دہلی، جون۔ نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے جنوبی۔ جنوب تعاون کے اصول کو افریقہ کے ساتھ ہندوستان کے گرمجوشی اور دوستانہ تعلقات کا سنگ بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تیز رفتار اور پائیدار اور دیرپا ہونے کے لئے افریقی ممالک کے ساتھ اقتصادی تعاون میں پیشرفت اور مواقع تلاش کیے جانے چاہئیں۔مسٹر نائیڈو نے کہا کہ عالمی ‘جنوبی-جنوب تعاون کے اصولوں نے تمام افریقی ممالک کے ساتھ ہندوستان کے گرمجوشی اور دوستانہ تعلقات کی بنیاد بنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان عالمی ترقی میں ایک بڑے ملک کے طور پر ابھر رہا ہے۔ افریقی ممالک ہندوستان کے قابل اعتماد شراکت داروں اور اسٹیک ہولڈرز کے طور پر اس کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کریں گے۔مسٹر نائیڈو کل سینیگال میں ڈاکار میں ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے – جس کا موضوع ‘ ترنگا- ہندوستان اور سینیگال کے درمیان سفارتی تعلقات کے 60 سال‘تھا۔ مسٹر نائیڈو کا ہندوستان کی جانب سے سینیگال کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ دونوں ممالک تکثیری روایات رکھتے ہیں، ثقافتی رواداری پر یقین رکھتے ہیں اور یہ اقدار عوام سے عوام کے تعلقات کی بنیاد ہیں۔مسٹرنائیڈو نے کہا کہ سینیگال جیسے شراکت داروں کے ساتھ ہندوستان کی قیادت میں بین الاقوامی شمسی اتحاد لاکھوں گھروں کو مستقل طور پر روشن کرنے اور دور دراز کے لوگوں کو توانائی فراہم کرنے میں مدد کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان سینیگال کے ساتھ دفاعی اور سیکورٹی شراکت داری کو بڑھانے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے ہندوستان اور افریقہ سے عالمی نظام کو مزید مساوی بنانے کے لیے مل کر کام کرنے اور اقوام متحدہ کی توسیع شدہ سلامتی کونسل کے لیے کام کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ "اب وقت آگیا ہے کہ براعظم افریقہ جس میں 54 ممالک ہیں اور ہندوستان، جو کہ دنیا کی آبادی کا چھٹا حصہ ہے، کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اپنا جائز حصہ ملنا چاہیے۔