2022ہندستان۔ آسیان دوستی کا سال ہوگا
نئی دہلی،اکتوبر۔ہندستان اور آسیان کے مابین شراکت داری کے 30ویں سال کے موقع پر 2022کو ہندستان آسیان دوستی کے سال کے طورپر منایا جائے گا۔وزیراعظم نریندر مودی نے ہندستان آسیان چوٹی کانفرنس کو ورچول طریقہ سے خطاب کرتے ہوئے یہ اعلان کیا۔کووڈ وبا کی وجہ سے مسلسل دوسرے سال بھی ہندستان آسیان چوٹی کانفرنس ورچول طریقہ سے منعقد کی گئی۔ اس کی صدارت آسیان کے صدر برونئی سلطان حسن البلقیہ نے کی۔مسٹر مودی نے اپنے خطاب میں کہاکہ کووڈ وبا کے باوجود ہم آسیان ہندستان چوٹی کانفرنس کو ورچول طریقہ سے ہی صحیح اس روایت کو برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔ یہ صحیح ہے کہ وبا کی وجہ سے ہم تمام کو کئی چیلنجوں سے نبردآزما ہونا پڑا لیکن یہ چلینجنگ وقت ہندستان۔آسیان کی دوستی کا امتحان بھی رہا۔ کووڈ کی وجہ سے ہمارا آپسی تعاون، باہمی ہمدردی، مستقبل میں ہمارے تعلقات کو تقویت دیتے ہوئے رہیں گے، ہمارے لوگوں کے مابین خیرسگالی کی بنیاد رہیں گے۔وزیراعظم نے کہاکہ تاریخ شاہد ہے کہ ہندستان اور آسیان کے مابین ہزاروں سال سے متحرک تعلقات رہے ہیں۔ ان کی جھلک ہمارے مشترکہ اقدار، روایات، زبانوں، گرنتھ، فن تعمیر، ثقافت، کھانے پینے ہر جگہ نظر آتے ہیں اور اس لئے آسیان کا اتحاد اور مرکوزیت ہندستان کے لئے ہمیشہ ایک اہم ترجیح رہی ہے۔ آسیان کا یہ خصوصی کردار ہندستان کی ایکٹ ایسٹ پالیسی جو ہماری خطہ میں تمام کی سلامتی اور ترقی یعنی ’ساگر‘پالیسی میں موجود ہے۔ ہندستان کی ہند بحرالکاہل پہل اور ہند۔ بحرالکاہل کے لئے آسیان کا نقطہ نظر اس خطے میں ہمارے مشترکہ ویزن اور باہمی تعاون کا فریم ورک ہے۔مسٹر مودی نے کہاکہ 2022میں ہماری شراکت داری کے 30برس مکمل ہوں گے۔ ہندستان بھی اپنی آزادی کے 75سال مکمل کرے گا۔ مجھے بہت خوشی ہے کہ اس اہم موڑ پر ہم ’آسیان۔ہندستان دوستی سال‘ کے طورپر منائیں گے۔ ہندستان آئندہ صدر کمبوڈیا اور ہمارے کنٹری کوآرڈی نیٹر سنگاپور کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید گہرا بنانے کے لئے پرعزم ہے۔