شہزادہ ہیری اور میگھن کی گلوبل سٹیزن لائیو ایونٹ میں شرکت
لندن،ستمبر۔شاہی خاندان سے علیحدگی اختیار کرنے والے برطانوی شہزادہ ہیری اور اہلیہ میگھن مارکل کی گلوبل سٹیزن لائیو ایونٹ میں شرکت میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئی۔ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس نے ہفتہ کی شام ستاروں کی چکاچوند سے بھرپور تقریب گلوبل سٹیزن لائیو ایونٹ میں شرکت کی جوکہ نیویارک شہر میں منعقد ہوئی اور سینٹرل پارک سے نشر کی گئی۔میگھن نے اس تقریب میں شرکت کے لیے سفید ویلنٹینو شفٹ منی ڈریس کا انتخاب کیا جبکہ شہزادہ ہیری نے سفید شرٹ اور سیاہ سوٹ پہنا تھا۔خیال رہے کہ یہ خصوصی تقریب G7 اور یورپی یونین کے عالمی رہنماؤں پر زور دینے کے لیے منعقد کی گئی تھی کہ وہ عالمی وبا کورونا وائرس کے خاتمے میں مدد کے لیے ویکسین ایکویٹی پالیسی اپنائیں۔واضح رہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے رواں سال مئی میں منعقد ہونے والے گلوبل سٹیزن ایونٹ میں شراکت داری کی تاہم، حاملہ ہونے کی وجہ سے میگھن مارکل اس ایونٹ میں شرکت نہیں کرسکیں تھیں۔