کرن کمار ریڈی کی بی جے پی میں شمولیت!

حیدرآباد,مارچ۔متحدہ آندھرا پردیش میں کانگریس کے آخری وزیراعلی این کرن کمار ریڈی کی بی جے پی میں شمولیت کی اطلاع ہے۔ریڈی نے متحدہ آندھراپردیش کی تقسیم کے ذریعہ تلنگانہ کی تشکیل کے عمل کے سلسلہ میں اُس وقت کی یوپی اے حکومت سے تعاون کا انکار کرتے ہوئے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھااور اپنی خود کی پارٹی بنائی تھی۔انہوں نے اپنی پارٹی کے ذریعہ صرف آندھرا پردیش میں انتخابات میں حصہ لیاتھا تاہم ان کی پارٹی ایک بھی نشست حاصل نہیں کرپائی۔بعد ازاں وہ دوبارہ کانگریس میں شامل ہوگئے۔ کرن کمارریڈی گزشتہ کچھ عرصہ سے خاموش ہیں۔ دریں اثناء اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ کرن کمار ریڈی کانگریس پارٹی سے استعفیٰ دے کر جلد ہی دو دن میں بی جے پی میں شامل ہو جائیں گے۔ اطلاعات کے مطابق تلنگانہ میں انتخابی مشن کے حصہ کے طور پرزعفرانی جماعت میں شامل ہونے کی دعوت انہیں دی گئی ہے۔اطلاعات کے مطابق وہ حیدرآباد سے تلنگانہ بی جے پی میں سرگر م رول اداکریں گے۔

Related Articles