اپوزیشن کا کردار مثبت، تعمیری اور حکمرانی میں جوابدہی کو یقینی بنانا چاہیے: لوک سبھا اسپیکر

گاندھی نگر ، فروری۔ لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے آج گاندھی نگر میں گجرات قانون ساز اسمبلی کے اراکین کے لیے منعقدہ اورینٹیشن پروگرام کا افتتاح کیا۔گجرات کے وزیراعلی بھوپیندر رجنی کانت پٹیل ، گجرات قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر شنکر چودھری اور کئی دیگر معززین نے اس تقریب میں شرکت کی۔ اورینٹیشن پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ گجرات کی 15ویں قانون ساز اسمبلی نوجوانوں کی طاقت اور تجربے کا انوکھا امتزاج ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ قانون ساز اسمبلی میں 82 نومنتخب اراکین ہیں اور 15 خواتین منتخب ہوئی ہیں جن میں سے 8 پہلی بار ممبر بنی ہیں۔منتخب نمائندوں کے کردار ذکر کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ عوام کے نمائندے ہونے کے ناطے ان پر رائے دہندوں کے مسائل حل کرنے کی بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ اس لیے مقننہ میں بحث اور مکالمہ ہونا چاہیے اور بحث کی سطح بلند ترین سطح کی ہونی چاہیے۔ مسٹر برلا نے کہا کہ ریاستی مقننہ میں بحث اور مکالمے کی سطح جتنی زیادہ ہوگی، اتنے ہی بہتر قوانین بنائے جائیں گے۔ ایوان میں بامعنی بحث کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اراکین قواعد و ضوابط سے واقف ہوں۔ اس لیے ایوان کو بحث اور مکالمے کا ایک موثر مرکز بننا چاہیے تاکہ ہماری جمہوریت مزید مضبوط ہوسکے۔ پریزائیڈنگ افسروں کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ ایوان کے وقار کو بڑھانے کی سمت میں کام کرنا پریذائیڈنگ افسر کی ذمہ داری ہے۔ ایوانوں میں بحث کی سطح میں گراوٹ اور ایوان کے وقار میں گراوٹ ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ ایک بہترین قانون ساز وہ ہوتا ہے جو بہترین معیار کے مباحثوں اور مکالموں میں حصہ لیتا ہے اور ایوان کا وقار بڑھاتا ہے۔ اراکین کو چاہیے کہ وہ حقائق کے ساتھ اپنے خیالات کا اظہار کریں کیونکہ بے بنیاد الزامات پر مبنی دلائل جمہوریت کو نقصان پہنچاتے ہیں۔جمہوریت میں اپوزیشن کے کردار پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ اپوزیشن کا کردار مثبت، تعمیری اور حکمرانی میں جوابدہی کو یقینی بنانا چاہیے۔ لیکن جس طرح منصوبہ بند طریقے سے ایوانوں کی کارروائی میں رکاوٹیں ڈال کر ایوانوں کی کارروائی ملتوی کرنے کی روایت قائم کی جا رہی ہے، وہ جمہوریت کے لیے مناسب نہیں ہے ۔ ایوان میں بحث ہو، اختلاف رائے ہو لیکن ایوان میں کبھی تعطل نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے ار اکین پر زور دیا کہ وہ ایوان کے قواعد و ضوابط سے واقفیت کے ساتھ ساتھ گزشتہ برسوں کی بحثوں کا مطالعہ کریں۔ لو سبھا کے اسپیکر نے کہا کہ ممبران اصولوں، طریقہ کار اور برسوں سے ہونے والی بحثوں سے جتنے زیادہ واقف ہوں گے، ان کی تقریریں اتنی ہی پرمغز ہوں گی۔ مسٹر برلا نے یہ بھی کہا کہ نعرے لگانے اور قانون ساز اسمبلی کی کارروائی میں رکاوٹ ڈال کر کوئی بھی اچھا قانون ساز نہیں بن سکتاایک قوم، ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق تمام ریاستی اسمبلیوں کے ذریعے منظور کیے گئے قوانین پر بحث و مباحثے کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کے لیے کام جاری ہے۔ اس تناظر میں انہوں نے قانون ساز اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال اور تحقیقی کام کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ہندوستان کی G-20 کی چیئرمین شپ کے بارے میں بات کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ یہ ہندوستان کی بھرپور جمہوری روایت اور ثقافتی ورثے کو ظاہر کرنے کا ایک تاریخی موقع ہے۔بعد میں مسٹر برلا نے گاندھی نگر میں میڈیا سے بات چیت کی۔اس موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر رجنی کانت پٹیل نے کہا کہ گجرات ایک مثالی ریاست ہے جو ملک کی ترقی کے انجن کے طور پر ابھری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب دیگر ریاستوں یا قانون ساز اداروں میں ترقیاتی مسائل پر بات ہوتی ہے تو وہ گجرات کو ایک ماڈل کے طور پر دیکھتے ہیں۔ عوامی نمائندوں کے فرائض کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر پٹیل نے کہا کہ عوامی نمائندوں کو جمہوریت کے مندر، قانون ساز اداروں کے وقار کو برقرار رکھنا چاہئے۔اورینٹیشن پروگرام کے مقاصد کا خاکہ پیش کرتے ہوئے مسٹر پٹیل نے کہا کہ یہ پروگرام منتخب عوامی نمائندوں کو پارلیمانی جمہوری نظام، طریقہ کار اور ضابطے کے بارے میں تفصیلی جانکاری دینے کے لیے منعقد کیا گیا ہے جو کہ ایک قابل ستائش قدم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام کی مدد سے قانون ساز ایوان میں موثر انداز میں عوام کے مسائل پیش کر سکیں گے۔ وزیراعلیٰ نے اراکین پر زور دیا کہ وہ عوام کی فلاح و بہبود کے فیصلوں میں اتفاق رائے سے حصہ لیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دو روزہ پروگرام پر غور و خوض اور اختتام اراکین کے لیے سود مند ثابت ہوگا اور ار اکین اپنے کام کے ذریعے پارلیمانی جمہوریت کی اعلیٰ اقدار کو مزید تقویت دینے کو یقینی بنائیں گے۔ورکشاپ کی افتتاحی تقریب میں استقبالیہ خطبہ دیتے ہوئے گجرات اسمبلی کے اسپیکر شنکر بھائی چودھری نے کہا کہ گجرات کے عوام کے ذریعہ منتخب کردہ عوامی نمائندوں کو ایوان کے کام کاج، قواعد و ضوابط اور ایوان کی کارروائی سے واقف ہونا چاہئے اور اپنے فرائض کو احسن طریقے سے انجام دینا چاہئے۔ انہیں عوام کی امنگوں کے مطابق رہنے کے قابل ہونا چاہیے۔ اس مقصد کے لئے اس پروگرام کا اہتمام کیا گیا ہے۔

Related Articles