الیانا ڈی کروز کی طبیعت خراب، اسپتال میں داخل
ممبئی،فروری۔بالی ووڈ اداکارہ الیانا ڈی کروز جنہیں ناسازی طبع کے باعث اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، انہوں نے اپنی صحت کے حوالے سے تازہ ترین اپ ڈیٹ دیتے ہوئے بتایا کہ اب وہ بالکل ٹھیک ہیں۔ الیانا ڈی کروز کے مطابق انہیں صحت کے نامعلوم مسائل کی وجہ سے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔2012 کی فلم ’برفی‘ سے شہرت حاصل کرنے والی الیانا نے اپنے انسٹا گرام اسٹوریز پر بتایا کہ اب وہ مکمل طور پر صحتیاب ہوچکی ہیں۔ تاہم 36 سالہ الیانا نے یہ نہیں بتایا کہ انہیں ہوا کیا تھا جس کے باعث انہیں اسپتال میں داخل کرانا پڑا۔ الیانا کافی عرصے سے فلمی پروجیکٹس سے دور ہیں اور آخری بار وہ ابھیشک بچن کے ساتھ ’دی بگ بْل‘ میں نظر آئی تھیں۔ دریں اثنا 2017 میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ وہ خودکشی پر مبنی خیالات سے نبرد آزما ہیں، جس کے بعد انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ انہوں نے یہ ضرور کہا تھا لیکن میرا مطلب مثبت حوالے سے تھا، مجھے بہت غصہ آیا کہ اسے بالکل الگ تناظر میں پیش کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے وجود اور جسمانی حوالے سے کچھ مسائل ہیں اور ایسا غالباً 12 برس کی عمر سے ہے، اس معاملے کا ایک پہلو یہ ہے کہ میں اپنے حوالے سے بہت حساس ہوں۔