شاہ رخ خان مداحوں سے ہمیشہ صرف 15 منٹ بات کیوں کرتے ہیں؟
ممبئی،دسمبر۔بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے ٹوئٹر پر مداحوں سے صرف 15 منٹ بات کرنے کی وجہ بتا دی۔شاہ رخ خان نے حال ہی میں مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کے ساتھ گفتگو کرنے کے لیے 15 منٹ کا ایک سیشن رکھا۔اداکار نے اس سیشن میں اپنے روایتی انداز میں مداحوں کی جانب سے پوچھے گئے سوالوں کے دلچسپ انداز میں جواب بھی دیے۔اس دوران اداکار سے ایک صارف نے سوال کیا کہ آپ اپنے مداحوں سے ہمیشہ صرف 15 منٹ ہی کیوں بات کرتے ہیں؟کنگ خان کے طنز و مزاح کے منفرد انداز سے دنیا بھر میں موجود ان کے تمام مداح بہت اچھی طرح واقف ہیں۔اْنہوں نے مداح کے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’کیونکہ سب کو مشہور ہونے کے لیے 15 منٹ کی ضرورت ہوتی ہے‘۔واضح رہے کہ شاہ رخ خان آج کل اپنی فلم ’پٹھان‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں جو اگلے سال 25 جنوری کو ریلیز ہونے والی ہے۔