عوامی شخصیت ہوں تو یہ مطلب نہیں کہ آپ ہر جگہ کیمرا اور مائیک لے آئیں، تاپسی پنو

ممبئی،دسمبر۔بالی ووڈ کی نٹ کھٹ اداکارہ تاپسی پنوں نے فوٹوگرافرز کے بارے میں ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لوگ جان بوجھ کر تنگ کرتے ہیں، اس کا احساس مجھے کچھ وقت بعد ہوا۔ اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ جب میں گاڑی میں بیٹھ گئی ہوں تو آپ میری گاڑی کا دروازہ پکڑ کر کیوں کھڑے ہیں؟تاپسی کا کہنا تھا کہ یہ حرکت میری ذاتیات میں مداخلت کے زمرے میں آتی ہے۔انہوں نے کہا آپ تصور کریں کہ آپ اپنی گاڑی میں بیٹھ گئے ہیں اور کچھ لوگ گاڑی کا دروازہ پکڑے کھڑے ہیں اور آپ کے منہ پر کیمرا لا رہے ہیں، کیا آپ کو یہ ٹھیک لگے گا؟انہوں نے کہا کہ میں ذاتی محافظین کے بغیر گھومتی ہوں، اس وجہ سے آپ کو اتنی آزادی ہے کہ آپ اپنے کیمرے اور مائیک منہ کے سامنے کردیتے ہیں اور مجھے ایک عام انسان کے جتنا فاصلہ نہیں دیتے صرف اس لیے کہ میں ایک عوامی شخصیت ہوں۔تاپسی کا کہنا تھا سونے پر سہاگہ یہ ہے کہ میڈیا ہیڈلائنز لگاتا ہے میں ضدی ہوں، اگر میں ایک عام آدمی کے جتنے فاصلے کا تقاضہ کر رہی ہوں اور آپ اس بات پر مجھے ضدی کہہ رہے ہیں تو پلیز کہتے رہیے، لیکن میں صرف اس لیے لگی لپٹی نہیں رہ سکتی کہ میرے سامنے کیمرا ہے۔

Related Articles