’لال سنگھ چڈھا‘ کے بعد عالیہ اور رنبیر کی فلم ’براہماسترا‘ کا بھی بائیکاٹ
ممبئی،ستمبر۔بھارتی معروف سینئر اداکار عامر خان کے بعد اب نوجوان جوڑی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور بھی مشکل سے دو چار ہیں۔بھارتی سوشل میڈیا پر عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈھا ‘ کے خلاف مہم، بائیکاٹ اور نفرت انگیز پوسٹس پھیلا کر اسے مکمل طور پر ناکام بنانے کے بعد اب بھارتی صارفین عالیہ بھٹ اور رنیبر کپور کی فلم ’براہماسترا‘ کو فلاپ کرانے پر تْل گئے ہیں۔فلم ’گنگو بائی‘، شادی اور ماں بننے کی خبر کے بعد شہرت کی نئی بلندیوں کو چھونے والی اداکارہ عالیہ بھٹ اس وقت سخت مشکل کا شکار ہیں، جہاں سوشل میڈیا صارفین کو عالیہ کے شوہر، چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور کے رویے سے اختلافات ہیں اب وہیں ایک عالیہ بھٹ کا بیان اْن کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔بھارتی سوشل میڈیا صارفین ’بائیکاٹ براہماسترا‘ کے ہیش ٹیگ کے ساتھ اس فلم کے خلاف مہم سمیت عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کو بھی آڑے ہاتھوں لے رہے ہیں جس کے بعد رواں ماہ 9 ستمبر کو ریلیز کی جانے والی عالیہ اور رنبیر کی فلم ’براہماسترا‘ نمائش سے قبل ہی مشکل میں پڑ گئی ہے۔سوشل میڈیا پر اس بائیکاٹ کی وجہ عالیہ بھٹ کے بیان ’اگر لوگ مجھے یا میری فلموں کو پسند نہیں کرتے تو میری فلمیں نہ دیکھیں‘ کو قرار دیا جا رہا ہے۔دوسری جانب رنبیر کپور کو ایک پرانے شو کے دوران گائے کے گوشت کو پسندیدہ غذا قرار دیے جانے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فلم 3 حصوں پر مشتمل ہے جسے ہندی زبان کے علاوہ دیگر 4 بھارتی علاقائی زبانوں میں بھی ریلیز کیا جائے گا۔یاد رہے کہ اس سے قبل عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘، اکشے کمار کی ’رکشا بندھن‘ اور وجے دیوراکونڈا کی فلم ’لائگر‘ بھی بائیکاٹ مہم کا شکار ہوچکی ہیں۔