فرحان اختر کی فلم ’جی لے ذرا‘ منسوخ ہوگئی؟

ممبئی،اگست۔معروف بالی ووڈ ہدایتکار و اداکار فرحان اختر کی فلم ’جی لے ذرا‘ کی منسوخی کے حوالے سے آج کل میڈیا پر کافی خبریں گردش کر رہی ہیں۔حالیہ ایک انٹرویو میں اس حوالے سے عالیہ بھٹ سے سوال کیا گیا تو جواب میں اداکارہ نے فلم کی منسوخی کے حوالے سے گردش کرنے والی تمام خبروں کی تردید کردی ہے۔اْنہوں نے کہا کہ ’یہ فلم بن رہی ہے، ہم اگلے سال تک اسے مکمل کرلیں گے‘۔اْنہوں نے مزید کہا کہ’ ظاہر ہے کہ میرے حاملہ ہونے کی وجہ سے رواں سال یہ فلم مکمل نہیں ہوسکتی لیکن ہم نے اس فلم کو منسوخ نہیں کیا ہے بلکہ اس فلم پر کام جاری ہے اور ہم سب اس کے بارے میں بہت پرجوش ہیں‘۔ اْنہوں نے مزید کہا کہ ’ہمیں اس فلم کے ریلیز ہونے کا بہت بے صبری سے انتظار ہے اور یہ کافی اچھی فلم ثابت ہونے والی ہے‘۔واضح رہے کہ فرحان اختر نے فلم ’جی لے زرا‘ کو بنائے جانے کا اعلان 2021 میں کیا تھا، جسکی کہانی زویا اختر اور ریما کاگتی نے لکھی ہے‘۔اس فلم میں بالی ووڈ کی تین بڑی اداکارائیں کترینہ کیف، پریانکا چوپڑا اور عالیہ بھٹ ایک ساتھ بڑی اسکرین پر مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گی۔

 

Related Articles