سشمیتا کے لائف پارٹنر کا سْن کر بھائی حیران

ممبئی،جولائی ۔بھارتی اداکارہ اور سابقہ مس یونیورس سشمیتا سین کے جیون ساتھی سے متعلق خبر سْن کر اْن کے بھائی حیران رہ گئے۔گزشتہ روز بھارتی کرکٹ لیگ آئی پی ایل کے سابق چیئرمین للت مودی نے اداکارہ کے ساتھ سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے اسے ’نئی شروعات‘ قرار دیا تھا۔اس خبر پر جہاں سشمیتا سین کے مداح حیران ہوئے تو وہیں اداکارہ کے بھائی نے بھی حیرت کا اظہار کیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سشمیتا سین کے بھائی راجیو سین نے کہا کہ مجھے بھی خوش گوار حیرت ہے، میں اس بارے میں اپنی بہن سے بات کروں گا۔دوسری جانب للت مودی نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ انہوں نے ابھی تک شادی نہیں کی ہے، وہ اس وقت ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزار رہے ہیں لیکن شادی ایک دن ہو جائے گی۔واضح رہے کہ 2008ء میں شروع ہونے والی لیگ آئی پی ایل کے پہلے چیئرمین للت مودی ہی تھے، ان پر لانڈرنگ اور ٹیکس چوری سے متعلق تحقیقات کا آغاز ہوا جس کے بعد وہ 2010ء میں بھارت چھوڑ کر لندن چلے گئے تھے۔دوسری جانب اداکارہ سشمیتا سین نے فلم نگری میں قدم رکھنے سے قبل 1994ء میں مس یونیورس کا تاج سر پر سجایا تھا، وہ بھارت کی جانب سے یہ اعزاز پانے والی پہلی خاتون تھیں۔انہوں نے 1996ء میں فلم ’دستک‘ سے کیریئر کا آغاز کیا، لیکن فلم بیوی نمبر ون، تم بن، میں ہوں نا، میں نے پیار کیوں کیا، تم کو نہ بھول پائیں گے اور نو پرابلم جیسی فلموں سے شہرت پائی۔ خیال رہے کہ غیر شادی شدہ ہونے کے باوجود سشمیتا سین 2 بیٹیوں کی والدہ بھی ہیں، انہوں نے 2000ء میں رینی اور 2010ء میں ایلیسا کو گود لے لیا تھا۔ان کی لے پالک بیٹی رینی نے بھی والدہ کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھ دیا ہے۔

 

Related Articles