دلہن نے دلہے سے منفرد شرائط پر مبنی کنٹریکٹ پر دستخط کرالیے
آسام،جولائی۔شادی سے قبل لڑکے اپنی ہونے والی ہمسفر سے کئی وعدے کرتے ہیں اور ان کی ہر شرط پوری کرنے کا یقین دلاتے ہیں لیکن اکثر دیکھا جاتا ہے کہ یہ وعدے پورے نہیں کیے جاتے۔اسی بات کو یقینی بنانے کیلئے بھارت میں ایک دلچسپ واقعہ سامنے آیا جہاں شادی کے موقع پر دلہن نے دلہے سے منفرد شرائط پر مبنی ایک کنٹریکٹ پر دستخط کرالیے۔میڈیا کے مطابق ان دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ریاست آسام سے تعلق رکھنے والے جوڑے کو شادی کے لباس میں ایک بڑی سی شیٹ پر درج شرائط پر مبنی کنٹریکٹ پر دستخط کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔رپورٹس کے مطابق دلہن کی جانب سے شادی کے بعد جو شرائط دلہا پوری کرے گا ان سب کو ایک شیٹ پر درج کرکے اسے کنٹریکٹ کا نام دے دیا اور شادی والے دن دلہن نے اس پر دلہے کے دستخط کرالیے۔
اطلاعات کے مطابق کنٹریکٹ میں شامل شرائط مندرجہ ذیل ہیں۔
مہینے میں صرف ایک بار پیزا کھایا جائے گا۔
ہمیشہ گھر کے کھانے کے لیے ہاں بولو گے۔
میں روز ساڑھی ہی پہنوں گی۔
آدھی رات کو پارٹی میں جانا ہے تو بیوی کو ساتھ لے کر جانا ہوگا۔
اتوار کا ناشتہ دلہا بنائے گا۔
ہر 15 دن بعد شاپنگ کیلئے لے کر جاؤ گے۔
روز جم جاؤ گے۔
ہر پارٹی میں میری اچھی تصویریں لو گے۔
رپورٹس کے مطابق دلہن اور دلہے کے علاوہ شادی میں موجود گواہوں کے بھی کنٹریکٹ پر دستخط کرائے گئے۔سوشل میڈیا پر اس منفرد شادی کی ویڈیو کافی وائرل ہوئی اور اسے اب تک 4 کروڑ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے جبکہ صارفین نے اس ویڈیو پر دلچسپ تبصرے بھی کیے۔