ابھیشیک کا اپنے سوٹ اسٹائلسٹ اکبر شاہ پور والا کے انتقال پر اظہار افسوس
ممبئی ،مئی۔ ہندی سنیما کے شہنشاہ امیتابھ بچن کے صاحبزادے اور اداکارابھیشیک بچن حال ہی میں کانز فلم فیسٹیول 2022 میں شرکت کے بعد اپنی اہلیہ ایشوریہ رائے بچن کے ساتھ بھارت واپس لوٹے ہیں۔ ابھیشیک بچن اور ایشوریہ کے گھر پہنچتے ہی انہیں بری خبر ملی۔ تفصیلات کے مطابق ابھیشیک بچن نے سوشل میڈیا پر بتایا ہے کہ ان کے کپڑے بنانے والے مشہور سوٹ اسٹائلسٹ اکبر شاہ پور والا کا انتقال ہوگیا ہے۔اپنے انسٹاگرام پر اس بری خبر کو سناتے ہوئے ابھیشیک بچن نے لکھا کہ ایک بری خبر کے ساتھ گھر واپس لوٹا ہوں، فلمی دنیا کے عظیم لیجنڈز میں سے ایک اکبر شاہ پور والا انتقال کر گئے، میں انہیں اکی انکل کے نام سے پکارتا تھا، جہاں تک مجھے یاد ہے انہوں نے میرے والد کے لیے کاسٹیوم اور ان کے زیادہ تر سوٹ بنائے تھے، ساتھ ہی کئی فلموں میں انہوں نے میرے لیے بھی کاسٹیوم بنائے تھے۔ انہوں نے ذاتی طور پر بچپن میں میرے لیے میرا پہلا سوٹ بنایا تھا، جو میرے پاس ابھی بھی ہے، اس کے ٹکس کو میں نے فلم ریفیوجی کے پریمئیر کے موقع پر پہنا بھی تھا۔ابھیشیک مزید لکھتے ہیں اگر وہ خود آپ کا سوٹ کاٹتے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ وہ آپ سے واقعی محبت کرتے ہیں، وہ ہمیشہ مجھے کہتے تھے کہ سوٹ کاٹنا صرف سلائی نہیں ہے، یہ ایک جذبہ بھی ہے، جب آپ میرا سوٹ پہنتے ہیں، ہر ٹانکے کو پیار سے بناتا ہوں اور وہ میری دعاؤں سے بھرا ہوا ہے۔ میرے لیے وہ اس دنیا کا بہترین سوٹ بنانے والے شخص تھے، اکی انکل، جو سوٹ آپ نے میرے لیے بنایا تھا، آج رات میں ان میں سے ایک پہنوں گا اور خود کو خوش قسمت محسوس کروں گا! آپ کی روح کو سکون ملے۔ابھیشیک بچن نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک تصویر بھی شیئر کی ہے، جو اس سوٹ کی ہے، جسے آنجہانی کاسٹیوم ڈیزائنر اکبر نے بنایا تھا، جس پر انگریزی میں اکبر کا نام لکھا ہوا ہے۔