نواز الدین اپنے آپ میں اداکاری کے اسکول کی طرح ہیں، سونالی سیگل
ممبئی ،مئی۔بولی وڈ فلم پیار کا پنچنامہ سے ناظرین کے دلوں میں جگہ بنانے والی اداکارہ سونالی سیگل نے بولی وڈ کے معروف اداکار نواز الدین صدیقی کے ساتھ ایک خاص یاد تازہ کردی۔میڈیا کے مطابق اداکارہ سونالی سیگل آنے والی فلم نورانی چہرے میں نوازالدین صدیقی اور نوپور سانون کے ساتھ کام کریں گی۔سونالی سیگل کا کہنا ہے کہ میرا اور کھانے کا گہرا رشتہ ہے، جو بھی مجھے جانتا ہے اس کو یہ بھی پتا ہے کہ مجھے بچپن سے ہی کھانے کا جنون ہے، میں اچھا کھاتی ہوں اور ساتھ ورزش بھی کرتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ اترپردیش کے ایک دور دراز کے علاقے میں نورانی چہرے کی شوٹنگ کررہے تھے جہاں پر کھانے کا بہت مسئلہ ہوتا تھا، پروڈکشن ٹیم کو بھی کھانا لانے میں ایک دو گھنٹے لگ جاتے تھے، اس وقت تو نواز الدین صدیقی نے کچھ نہیں کہا لیکن اگلے دن دوپہر کے کھانے پر ان کے عملے نے مجھے گھر کے بنے ہوئے کھانے کی تھالی دی، جس نے میری روح کو چھو لیا۔سونالی سیگل نے کہا کہ نواز کے ساتھ ہمیشہ ایک لڑکا رہتا ہے جو انہیں ان کی ماں کی جانب سے دیئے گئے دیسی گھی اور تمام تازہ اجزا سے کھانا پکا کر دیتا ہے۔اداکارہ نے کہا کہ نواز الدین صدیقی نے انہیں کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ کھانا بھرپور کھانا چاہیے، باہر کا کھانا کتنا اور کب تک کھائیں گے، مجھے یاد ہے اس دن میں نے بہت کھانا کھایا۔ انہوں نے نواز الدین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے آپ میں اداکاری کے اسکول کی طرح ہیں، مجھے ان سے بہت چیزیں سیکھنے کو ملیں۔