کیریئر کے آغاز میں خدشہ تھا کہ اداکار نہیں بن سکوں گا، شاہد کپور

ممبئی،اپریل۔معروف بالی ووڈ اداکار شاہد کپور نے انکشاف کیا ہے کہ اْنہیں اپنے کیریئر کے آغاز میں یہ خدشہ تھا کہ وہ اداکار نہیں بن پائیں گے۔ شاہد کپور نے اپنے حالیہ انٹرویو میں فلمی کیریئر کے آغاز میں سامنے آنے والی مشکلات کے بارے میں بات کی ہے۔اْنہوں نے کہا کہ’ لوگ شاید یہ سوچتے ہیں کہ اْن کے لیے اداکار بننا آسان تھا کیونکہ ان کے والدین پنکج کپور اور نیلیما عظیم دونوں ہی اداکار تھے، لیکن حقیقت میں ایسا نہیں تھا‘۔اْنہوں نے بتایا کہ’جب اْنہوں نے فلم انڈسٹری میں ڈیبیو دیا تو کوئی نہیں جانتا تھا کہ وہ پنکج کپور کے بیٹے ہیں‘۔اْنہوں نے مزید کہا کہ ’اْنہیں کبھی لگا ہی نہیں تھا کہ وہ اداکار بن سکیں گے کیونکہ اکثر لوگوں کو تو یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ وہ پنکج کپور کے بیٹے ہیں‘۔شاہد کپور نے اپنی بات کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ’ان کے والدین میں علیحدگی ہوگئی تھی اور وہ ممبئی میں رہتے ہی نہیں تھے وہ یہاں بہت دیر بعد آئے تھے‘۔اْنہوں نے بتایا کہ’ان کی والدہ نے اْنہیں اکیلے ہی پالا تھا، اور وہ زرا بڑے تھے جبکہ ان کا سوتیلا بھائی ایشان کھٹر بہت چھوٹا تھا‘۔اْنہوں نے مزید کہا کہ’ اْنہوں نے کبھی کسی کو یہ نہیں بتایا تھا کہ وہ پنکج کپور کے بیٹے ہیں اور اس لیے انہیں خدشہ تھا کہ پتا نہیں انڈسٹری کے لوگ اْنہیں قبول کریں گے بھی یا نہیں‘۔شاہد کپور نے بتایا کہ’جب ان کی پہلی فلم ریلیز ہوئی تو لوگوں نے ان کے بارے میں جاننے کی کوشش کی کہ وہ کون ہیں تب لوگوں کو پتا چلا کہ وہ اداکار پنکج کپور کے بیٹے ہیں‘۔اْنہوں نے مزید کہا کہ’اْنہیں لگتا تھا کہ اگر ان کی پہلی فلم ناکام ہوئی تو وہ انڈسٹری سے باہر ہو جائیں گے‘۔ ان کا کہنا تھا کہ ’یہ تو ایک نعمت ہے کہ وہ اداکار بنے‘۔ اْنہوں نے مزید کہا کہ’ وہ جانتے ہیں کہ لوگ شاید ان کی ان باتوں پر یقین نہیں کریں گے کیونکہ ان کے والدین تکنیکی طور پر اداکار تھے، لیکن ان کے والدین انڈسٹری میں زیادہ لوگوں کو نہیں جانتے تھے‘۔خیال رہے کہ شاہد کپور کی نئی آنے والی فلم’جرسی‘ میں اسکرین پر ان کے والد، اداکار پنکج کپور بھی ان کے ساتھ اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔ فلم’جرسی‘ کو رواں ماہ 14 اپریل کو سنیما گھروں میں ریلیز کیا جائے گا۔

Related Articles