والدین نے بیٹیوں کو دنیا گھمانے کیلئے بحری جہاز میں کروڑوں روپے کا اپارٹمنٹ خرید لیا

نیویارک،اپریل۔والدین اپنے بچوں کی خوشی کیلئے ہر حد سے گزر جاتے ہیں ، ایک ایسی ہی مثال گزشتہ دنوں دیکھنے کو ملی جہاں والدین نے اپنی 2 بیٹیوں کو دنیا کی خوبصورتی دکھانے کیلئے ایک بحری جہاز میں کروڑوں روپے کا اپارٹمنٹ خرید لیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی شہر لاس اینجلس کے ایک جوڑے نے اپنی بیٹیوں کو دنیا گھمانے کیلئے 10 لاکھ پاؤنڈز میں کروز شپ( بحری جہاز) پر ایک اپارٹنمنٹ خرید لیا۔رپورٹس کے مطابق امریکی جوڑے مارک اور بیتھ ہنٹر نے ہمیشہ اپنی دونوں بیٹیوں کو ایک چھوٹے بحری جہاز یا کشتیوں پر پوری دنیا گھمانے کا خواب دیکھا تھا لیکن بیٹیوں کی خاطر وہ اس سے بہت زیادہ کرگئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جہاز کے اس مہنگے ترین اپارٹمنٹ میں دو بیڈ روم، دو باتھ روم ہوں گے جبکہ اس میں سنیما، سپا،کلینک اور لائبریری بھی موجودہوگی۔اطلاعات کے مطابق ‘Narrative ‘نامی اس مہنگے اور بڑے بحری جہاز کی تعمیر کروشیا میں اس سال کے آخر میں شروع ہوجائے گی، جس میں کل 547 رہائشی اپارٹمنٹس ہوں گے جبکہ یہ 2024 میں اپنے پہلے سفر کیلئے روانہ ہوگا۔رپورٹس کے مطابق جب جہاز اپنے پہلے سفر پر روانہ ہوگا تو مارک اور بیتھ کی بیٹیوں کی عمر 14 اور 16 سال ہوجائے گی۔بیٹیوں کی والدہ کا کہنا تھا کہ ہم خود دنیا بھر میں بحری سفر کرنے کے بارے میں سوچتے تھے لہٰذا ہم نے سوچا کہ چھوٹی کشتیوں کی مدد سے اس خواب کو پورا کیا جائے لیکن ہمیں احساس ہوا کہ اس میں دیکھ بھال اورکام کاج میں وقت صرف ہوجائے گا اور ہم صحیح سے لطف اندوز نہیں ہوسکیں گے۔تاہم ہم نے 50 فٹ کی کشتی کے بجائے 700 فٹ کے جہاز پر سفر کرنے کا منصوبہ بنایا۔اس میں ہمارے پاس دنیا کو دیکھنے کے لیے کافی وقت ہوگا کیونکہ جہاز میں ہر چیز کا خیال رکھا جاتا ہے ہمیں کھانا پکانا، صفائی کرنا یا کپڑے دھونا جیسے کاموں سے نمٹنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔رپورٹس کے مطابق بحری جہاز کا ہر ایک ہزار دن بعد دنیا کا چکر لگانے کا منصوبہ ہے جبکہ یہ ہر بندرگاہ پر کئی دنوں تک رکے گا۔

 

 

Related Articles