امیتابھ بچن کو پہلی فلم میں کتنا معاوضہ ملا؟ بگ بی نے انڈسٹری کے سفرکی کہانی بتادی

ممبئی ،مارچ۔بھارتی فلم انڈسٹری کے سپر سٹار امیتابھ بچن نے مداحوں کو اپنے فلم انڈسٹری کے کامیاب سفر کے پیچھے چھپی کہانی کے بارے میں بتادیا۔اداکار نے ایک انٹرویو کے دوران اپنے نہایت مشکل اور مشقت کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ میں ڈرائیونگ لائسنس لے کر ممبئی آیا تھا۔بگ بی نے بتایا کہ ان کا خیال تھا کہ وہ اداکار نہیں بن سکتے اور وہ صرف ٹیکسی چلائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ پیسوں کی کمی کی وجہ سے میں کئی راتوں تک میرین ڈرائیو کے بینچ پر سوتا رہا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک وقت تھا جب امیتابھ بچن کو نوکری کے لئے چکر لگانا پڑتے تھے۔وہ آج اپنی مضبوط آواز کے لئے بھی جانے جاتے ہیں لیکن ایک وقت ایسا بھی تھا جب انہیں آل انڈیا ریڈیو میں اپنی آواز کی وجہ سے مسترد کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ امیتابھ بچن کی پہلی فلم سات ہندوستانی تھی جس کے لئے انہیں 5 ہزار روپے کا معاوضہ ادا کیا گیا تھا لیکن آج وہ فلموں میں کام کرنے کے لئے کروڑوں روپے معاوضہ لیتے ہیں۔امیتابھ بچن 11 اکتوبر 1942 کو ریاست اتر پردیش میں پیدا ہوئے۔ اداکار کو ابتدائی مقبولیت 1970 میں ملی اور آج ان کا شمار بھارتی فلمی صنعت کی تاریخ کے معروف ترین اداکاروں میں ہوتا ہے، انہوں نے کئی بڑے ایوارڈ حاصل کیے جن میں تین نیشنل فلم ایوارڈ اور بارہ فلم فیئر ایوارڈ شامل ہیں۔

Related Articles