سنجے دت کی بیماری، بالی ووڈ کے 735 کروڑ روپے داؤ پرلگ گئے، انڈسٹری میں کھلبلی مچ گئی
دہلی ،سنجے دت کے بیمار پڑنے سے کئی فلم سازوں کو اپنی آنے والی فلموں کی فکر پڑ گئی ہے، کیوں کہ سنجو بابا کم از کم 6 آنے والی فلموں میں ایکشن میں دکھائی دینے والے تھے۔خبروں کے مطابق سنجے دت آنے والی رومانٹک تھرلر فلم سڑک 2 سمیت کم از کم نصف درجن فلموں میں ایکشن میں دکھائی دینے والے تھے، جن میں سے دو فلمیں تو ریلیز کے لیے تیار ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ مجموعی طور پر سنجے دت کی آنے والی فلموں پر بولی وڈ فلم سازوں کے 735 کروڑ روپے لگے ہوئے ہیں اور ان کی بیماری کے بعد فلم ساز پریشان ہیں کہ ان کی فلموں کا کیا ہوگا؟سنجے دت کی فلم سڑک 2، تورباز اور بھج ریلیز کیے لیے تیار ہیں اور سڑک 2 کو تو رواں ماہ 28 اگست کو آن لائن ریلیز کردیا جائے گا، جب کہ باقی دونوں فلموں کی بھی جلد ریلیز کا اعلان متوقع ہے۔مذکورہ تینوں فلموں کے علاوہ سنجے دت کی فلمیں شمشیرا، پرتھوی راج اور کے جی ایف چیپٹر 2 نامی کنڈا زبان کی فلمیں بھی شوٹنگ کے آخری مراحل میں تھیں جبکہ ان فلموں میں سنجے دت کا کردار انتہائی اہم ہے۔رپورٹ کے مطابق سنجے دت کی فلم تورباز اور سڑک 2 کو ڈیڑھ کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا اور اسی طرح ان کی دیگر فلموں پر بھی بولی وڈ فلم سازوں نے کافی رقم خرچ کر رکھی ہے۔فلمی حلقوں میں چہ مگوئیاں ہیں کہ اگر سنجے دت کی بیماری اور علاج طویل ہوا تو مذکورہ فلموں کی ریلیز تاخیر کا شکار ہوسکتی ہے اور فلمی سرمایہ کاروں کی رقم کافی عرصے تک ڈوب جانے کا خدشہ ہے۔