سیکڑوں مسلم خواتین کی نیلامی، ’مودی سمیت سب کی خاموشی پر حیران ہوں‘
ممبئی،جنوری۔بھارت کے عالمی شہرت یافتہ نغمہ نگار جاوید اختر نے 100 سے زائد مسلم خواتین کی آن لائن نیلامی اور پارلیمنٹ آف ریلیجنز پر اپنے انقلابی خیالات کا اظہار کیا جس پر ان ہی کے خلاف آن لائن نفرت انگیز مہم شروع ہو گئی۔سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی سے سوال کیا کہ ’سیکڑوں خواتین کی آن لائن نیلامی ہو رہی ہے، نام نہاد دھرم سنسد فوج اور پولیس کو تقریباً 20 کروڑ ہندوستانیوں کا قتل عام کرنے کا مشورہ دے رہی ہے۔ جاوید اختر نے لکھا کہ میں سب کی خاموشی پر حیران ہوں، خاص طور پر وزیر اعظم کی خاموشی پر، کیا ’سب کا ساتھ‘ یہی ہے؟تقریباً 100 مسلم خواتین کو ’بلی بائی‘ نامی ایک بھارتی ایپ پر نیلامی کے لیے رکھا گیا اور اسے ہوسٹنگ پلیٹ فارم Github پر لانچ کیا گیا تھا۔یہ معاملہ اْس وقت سامنے آیا جب نئے سال کے پہلے دن کچھ سرگرم خواتین نے اس کے خلاف آواز اٹھائی اور ایپ کے ڈیولپر کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔دہلی اور ممبئی میں ایف آئی آر کے بعد معاملے کی جانچ جاری ہے جب کہ Github پر مذکورہ اکاؤنٹ بند کر دیا گیا ہے۔نریندر مودی سے سوال پوچھنے پر جاوید اختر کے خلاف آن لائن نفرت انگیز مہم کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔