اپنے والد کو 1983 کا ورلڈ کپ فائنل کھیلتے ہوتے نہ دیکھنے کا دکھ ہے، مسابا گپتا
ممبئی،دسمبر۔بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ نینا گپتا اور لیجنڈری ویسٹ انڈین کرکٹر ویوین رچرڈ کی بیٹی مسابا گپتا 1983 میں کھیلے گئے عالمی کپ کرکٹ کا فائنل میچ نہ دیکھ سکیں۔یقیناً اس کی وجہ یہ ہے کہ مسابا اس آئیکونک میچ کے چھ برس بعد پیدا ہوئیں۔اس میچ میں ایک طرف اگر ان کے والد اور عالمی شہرت یافتہ کرکٹر تھے تو دوسری جانب اس فائنل کی فاتح ٹیم اور مسابا کا ملک بھارت تھا۔ اس حوالے سے مسابا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی کا بڑا پچھتاوا یہ ہے کہ وہ اپنے والد کا یہ میچ دیکھنے کے لیے اس دنیا میں موجود نہیں تھیں۔اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر مسابا نے بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جانے والے 1983 کے عالمی کرکٹ میچ کا ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا ہے، جس میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو 43 رنز سے ہرا کر عالمی کپ اپنے نام کیا تھا۔ گو کہ ویوین رچرڈز اس میچ میں ناکام رہے تھے مگر پھر بھی انھوں نے اس اننگز میں اپنے تمام ساتھیوں سے زیادہ رنز بنائے تھے، ویوین رچرڈز، بھارتی کپتان اور تاریخ ساز آل راؤنڈر کپل دیو کے ایک ناقابل یقین کیچ پر آؤٹ ہوئے تھے۔ مسابا نے میچ کے بارے میں گفتگو کے موقع پر حال ہی میں اس تاریخی میچ کے حوالے سے ریلیز ہونے والی فلم 83 پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ فلم کا تھیٹر میں آنے تک انتظار نہیں کرسکتیں کیونکہ میری والدہ بھی اس کا حصہ ہیں۔