گلوکارہ کارڈی بی کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش
لاس اینجلس،ستمبر-امریکی پاپ گلوکارہ و اداکارہ 28 سالہ کارڈی بی کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش ہوگئی، انہوں نے تین ماہ قبل ہی تصدیق کی تھی کہ وہ جلد دوسری مرتبہ ماں بننے والی ہیں۔اداکارہ نے 6 ستمبر کو انسٹاگرام پر شوہر گلوکار آف سیٹ کے ہمراہ نوزائیدہ بچے کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ان کے ہاں دو دن قبل بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔اداکارہ و گلوکارہ نے کیپشن میں بتایا کہ ان کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش 4 ستمبر کو ہوئی۔کارڈی بی کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں ان کے بچے کا چہرہ دکھائی نہیں دے رہا لیکن والدین کے چہرے صاف دکھائی دیتے ہیں، گلوکار آف سیٹ نے بھی بچے کے ساتھ تصویر شیئر کی۔اسی حوالے سے یو ایس اے ٹوڈے نے بتایا کہ گلوکارہ کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے اور انہوں نے ہسپتال میں بچے کو جنم دیا۔یہ واضح نہیں ہے کہ گلوکارہ نے بیٹے کا نام کیا رکھا ہے لیکن خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ اس حوالے سے جلد اعلان کریں گی۔اس سے قبل کارڈی بی کے ہاں جولائی 2017 میں پہلی بیٹی کلچر کیاری (Kiari Kulture ) کی پیدائش ہوئی تھی۔کارڈی بی نے 2017 کے آغاز میں اپنے ہاں پہلے بچے کی پیدائش سے کچھ عرصہ قبل ہی آف سیٹ سے شادی کی تھی۔دونوں کے درمیان پہلی بچی کی پیدائش کے دو سال بعد 2020 میں اختلافات کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں اور کارڈی بی نے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع تک کرلیا تھا۔تاہم بعد ازاں 2020 میں ہی ان کے درمیان تنازعات حل ہوگئے اور ان کی شادی ختم ہونے سے بچ گئی۔کارڈی بی نے رواں برس جون میں اپنے دوبارہ حاملہ ہونے کا اعلان کیا تھا اور انہوں نے تقریباً 7 ماہ تک حمل کی بات کو خفیہ رکھا تھا۔کارڈی بی سے دو بچوں کے علاوہ آف سیٹ کو دوسری تین خواتین سے تین بچے بھی ہیں، ان کے سب سے بڑے بیٹے کی عمر 11 برس، دوسرے بیٹے کی عمر 6 برس جب کہ تیسری بچی کی عمر بھی 6 برس ہے۔کارڈی بی سے ہونے والی ان کی بڑی بیٹی کی عمر 4 سال ہے جب کہ اب ان کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔