امت شاہ نے سمندری طوفان ’ارنب‘ پر چار ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سے بات کی

نئی دہلی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعرات کو سمندری طوفان ’ارنب‘ کے پیش نظر آندھرا پردیش، پڈوچیری، اڈیشہ اور چھتیس گڑھ کے وزرائے اعلیٰ سے بات کی۔ انہوں نے آفت سے متاثرہ لوگوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے مرکزی حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا یقین دلایا۔

امت شاہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ قومی آفات سے نمٹنے والی فورس (این ڈی آر ایف) اور ریاستی آفات سے نمٹنے والی فورس (ایس ڈی آر ایف) کی ٹیمیں سرگرم ہو گئی ہیں اور جنگی پیمانے پر بچاؤ اور راحت کا کام انجام دے رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سمندری طوفان سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لینے اور مزید ضروری امداد کا تعین کرنے کے لیے مرکزی حکومت کی مختلف وزارتوں پر مشتمل ٹیمیں (آئی ایم سی ٹی) جلد ہی متاثرہ علاقوں میں بھیجی جائیں گی۔شاہ نے کہا کہ آفت کی اس گھڑی میں حکومت عوام کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے اور متاثرین کو راحت پہنچانے کے لیے پوری سنجیدگی کے ساتھ کام کر رہی ہے۔مرکزی وزیر داخلہ نے متاثرہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو یقین دلایا کہ قدرتی آفت کے باعث لوگوں کو ہونے والی پریشانیوں کو کم کرنے کے لیے حکومت ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔

Related Articles