پرامن احتجاج سے عوام کو پریشانی نہیں ہونی چاہیے،

مظاہرین کی مبینہ غیر قانونی حراست پربامبے ہائی کورٹ نے جواب طلب کیا

ممبئی، ۔ بامبے ہائی کورٹ نے کہا کہ پرامن احتجاج سے دوسروں کو تکلیف نہیں پہنچنی چاہیے۔ چیف جسٹس ایم سی ترپاٹھی اور جسٹس ادویت سیٹھنا کی بنچ نے ممبئی میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف دہلی کے احتجاج کی حمایت کرنے والوں کی مبینہ غیر قانونی حراست اور پولیس زیادتی پر ریاست سے جواب طلب کیا۔ وکیل ساگر دیورے کی درخواست پر عدالت نے کہا کہ مظاہرین کی شناخت جانچے بغیر پولیس کارروائی کے خلاف عمومی حکم نہیں دیا جاسکتا۔ عدالت نے احتجاج کی آڑ میں بدامنی کی اجازت نہ دینے اور مہاراشٹر پولیس کے ضبط و تحمل کا بھی ذکر کیا۔
رہائشیوں نے وکلا آر وی گوولکر اور مہیر گوولکر کے ذریعے مداخلتی درخواستوں میں پریشانی کی شکایت کی۔ 4 مبینہ زیرحراست مداخلت کاروں کی وکیل گایتری سنگھ نے کہا کہ لوگوں کو تھانوں میں پورا دن بٹھاکر بعد میں گھروں میں نظربند کیا گیا۔ وکیل مہیر دیسائی نے گھروں سے اٹھانے سے متعلق 2 حلف نامے اور ایک خاتون کا واقعہ بتایا جو اوبر میں سفر کررہی تھیں؛ پولیس نے ڈرائیور کو اترنے کا حکم دے کر انہیں تھانے پہنچایا۔ ایک درخواست گزار نے اپنی 2 بیٹیوں کی حراست کا الزام لگایا۔
ریاست کے ایڈووکیٹ جنرل ملند ساٹھے نے کہا کہ تاریخی مقام اگست کرانتی میدان کے قریب مظاہرین نے پوری سڑکیں بند کردی تھیں؛ پولیس نے راستے کھلوائے، کسی کو حراست میں نہیں لیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ احتجاج پرامن ہونا چاہیے اور مظاہرین کی شناخت بھی جانچی جائے گی۔ عدالت نے ریاست اور اصل درخواست گزاروں کو 2 ہفتوں میں جواب، پھر ایک ہفتے میں جوابی تحریریں داخل کرنے کی ہدایت دی۔ اگلی سماعت 19 نومبر کو ہوگی۔مفاد عامہ کی درخواست کے مطابق ممبئی پولیس نے 10 اکتوبر کو تقریباً 600 اور 11 اکتوبر کو مزید 30 افراد کو ہتاتما چوک اور شیواجی پارک کے مظاہروں کے دوران حراست میں لیا۔ ان میں راہ گیر، طلبہ، بچوں سمیت خواتین اور بزرگ شامل تھے۔ درخواست میں الزام ہے کہ تاڑدیو پولیس اسٹیشن میں 25 سالہ نوجوان کو گھبراہٹ کا دورہ پڑا اور اسے نائر اسپتال منتقل کرنا پڑا۔

Related Articles