کمپارٹمنٹ امتحان نتیجوں کا اعلان جلد کرنے کی سبی ایس ای کو ہدایت
نئی دہلی، سپریم کورٹ نے مرکزی ثانوی تعلیم بورڈ (سی بی ایس ای) کو دسویں اور بارہویں کے کمپارٹمنٹ امتحان کے نتیجوں کا اعلان جلد کرنے کی ہدایت منگل کو دی تاکہ رواں تعلیمی سال میں پاس ہوئے بچوں کو رجسٹریشن مل سکے۔
جسٹس اے ایس کھانولکر اور جسٹس سنجیو کھنہ کی بینچ نے سی بی ایس ای کو یونیورسٹی گرانٹ کمیشن (یو جی سی) کے ساتھ مل کر امتحان کے نتیجے جاری کرنے اور رجسٹریشن کےلئے درخواست دینے کی تاریخوں کے سلسلے میں فیصلہ کرنے کی ہدایت دی۔
بینچ نے کہا کہ ابھی غیر معمولی حالات ہیں اور سی بی ایس ای اور یو جی سی کو فی الحال کمپارٹمنٹ امتحان دینے والے بچوں کا بھی دھیان رکھنا چاہئے۔
کمپارٹمنٹ امتحان آج سے شروع ہوئے ہیں اور 29 ستمبر تک چلیں گے۔
عدالت نے یو جی سی کے وکیل سے کہا کہ وہ رجسٹریشن کےلئے کٹ آف کی تاریخ کے سلسلے میں کمیشن سے 24 ستمبر تک ہدایت لے کر آئیں۔ اس کے بعد ہی وہ سی بی ایس ای کو کٹ آف تاریخ سے پہلے نتیجہ جاری کرنے کی ہدایت دے گی۔
درخواست گزاروں کی جانب سے پیش سینئر وکیل ویویک تنکھا نے دلیل دی کہ اگر کمپارٹمنٹ امتحان میں پاس ہونے والے طلبہ کو رجسٹریشن نہیں ملتا تو ان کا سپریم کورٹ کے سامنے یہ عرضی دائر کرنے کا کوئی مطلب نہیں رہ جائے گا۔