مودی 17 اکتوبر کو کسان سمان سمیلن کا افتتاح کریں گے
نئی دہلی، اکتوبر۔وزیر اعظم نریندر مودی 17 اکتوبر کو یہاں پردھان منتری کسان سمان سمیلن کا افتتاح کریں گے۔مسٹر مودی اس موقع پر کسانوں، زرعی اسٹارٹ اپس، محققین، پالیسی سازوں، بینکرس اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے خطاب کریں گے۔زراعت اور کھاد کی وزارت کے زیر اہتمام اس پروگرام میں 13 ہزار سے زیادہ کسان اور 1500 زرعی اسٹارٹ اپ حصہ لیں گے۔ اس کے علاوہ تقریباً ایک کروڑ کسانوں کو ورچول جوڑا جائے گا۔وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں یہ جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم مودی اس موقع پر پردھان منتری کسان سمان ندھی یوجنا کی 12ویں قسط بھی جاری کریں گے۔ اس کے تحت تقریباً آٹھ کروڑ کسانوں کو ان کے بینک کھاتوں میں 16000 کروڑ روپے منتقل کیے جائیں گے۔ اس اسکیم کے تحت کسانوں کو سالانہ 6000 روپے کی مالی امداد دی جاتی ہے۔مسٹر تومر نے بتایا کہ وزیر اعظم ایگریکلچر اسٹارٹ اپ کانفرنس اور نمائش کا بھی افتتاح کریں گے۔ تقریباً 300 اسٹارٹ اپس منظم کاشتکاری، فصل کے بعد اور قیمت میں اضافے کے حل، ویسٹ ٹو ویلتھ، چھوٹے کسانوں کے لیے میکانائزیشن، سپلائی چین مینجمنٹ وغیرہ سے متعلق اختراعات کی نمائش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی کیمیکل اور فرٹیلائزر کی وزارت کے 600 وزیر اعظم کسان اسمردھی کیندروں کا بھی افتتاح کریں گے۔ اس اسکیم کے تحت پرائیویٹ، کوآپریٹو یا کمپنیوں کے خوردہ فرٹیلائزر سیلز سنٹرز کو ون اسٹاپ شاپس میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ان مراکز پر کھاد، بیج، کیڑے مار ادویات اور زرعی آلات دستیاب ہوں گے اور مٹی کی جانچ کی بھی سہولت ہو گی۔ اس اسکیم کے تحت تین لاکھ 30 ہزار سے زائد ریٹیل فرٹیلائزر شاپس کو ماڈل سینٹرز میں تبدیل کیا جائے گا۔