روسی صدر مبینہ حملے میں بال بال بچ گئے
ماسکو ،ستمبر۔ روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن مبینہ قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی صدر پر قاتلانہ حملے کی خبر جنرل ایس وی آر ٹیلی گرام چینل کی جانب سے دی گئی تاہم یہ معلوم نہ ہوسکا کہ یہ قاتلانہ حملہ کب ہوا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ روسی صدر کی لیموزین گاڑی کا بائیں جانب کا اگلا ٹائر زوردار دھماکے سے پھٹا جس کے فوری بعد گاڑی سے دھواں نکلنا شروع ہو گیا تاہم گاڑی کو محفوظ طریقے سے سائیڈ پر لگایا گیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق غیر مصدقہ ذرائع کا بتانا ہے کہ روسی صدر کی گاڑی پر حملہ کیا گیا تھا تاہم سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مبینہ حملے میں صدر ولادیمیر پیوٹن محفوظ رہے تاہم اس واقعے کے بعد کئی گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں۔