میڈونا کی ٹیکساس اسکول فائرنگ کے واقعے کی مذمت
نیویارک،مئی ۔ معروف امریکی گلوکارہ میڈونا نے ٹیکساس کے ایک اسکول میں 19 بچوں اور 2 اساتذہ کے قتل کے ہولناک واقعے کی مذمت کی ہے۔میڈونا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر امریکی ریاست ٹیکساس میں ہونے والے اسکول فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرنے کے لیے ایک خصوصی ویڈیو شیئر کی ہے۔اْنہوں نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ایک تفصیلی نوٹ بھی لکھا ہے۔اْنہوں نے اپنے تفصیلی نوٹ میں لکھا ہے کہ’میں اس درد اور تکلیف کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتی جوکہ ان 19 بچوں کے والدین کوملا ہوگا۔‘اْنہوں نے مزید لکھا کہ’میرے بچے پرائمری اسکول میں ہیں اور اگر وہ ایک دن اس طرح اسکول سے گھر نہیں آتے تو مجھے نہیں لگتا کہ میں زندہ رہ سکتی ہوں۔‘اْنہوں نے سوالیہ انداز میں لکھا کہ’یہ کیسے ممکن ہے کہ ایک 18 سالہ لڑکا جو کہ خود ایک بچہ ہے، اپنی سالگرہ کے موقع پر 2 رائفلز خرید سکتا ہے، وہ بھی بغیر کسی حفاظتی تربیت اور جانچ پڑتال کے۔‘میڈونا نے مزید لکھا کہ ’انسٹا گرام اور فیس بک پر اس حوالے سے ان گنت انتباہی پوسٹس شیئر کی گئیں جس میں فائرنگ کے اپنے منصوبوں کا اعلان کیا گیا تاہم کسی نے توجہ نہیں دی۔‘اْنہوں نے لکھا کہ’ہمیں ان لوگوں تک اسلحے کی رسائی کو کم کرنے کی ضرورت ہے جو خود کو یا دوسروں کو نقصان پہنچا سکتے ہوں۔‘اْنہوں نے مزید لکھا کہ’ہمیں بندوق کے مالکان کے لیے حفاظتی تربیت کو لازمی قرار دینا چاہیے، بالکل اسی طرح جیسے کہ ہم لوگوں سے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے پہلے ڈرائیونگ سیکھنے اور پھر ٹیسٹ پاس کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘کتنی المناک بات ہے کہ ہم تمام بچوں، تمام انسانوں کو گن وائلنس سے محفوظ رکھنے کے لیے بھیک مانگنی پڑتی ہے۔‘