مودی 2 سے 4 مئی کے دوران تین ملکوں کے دورے پر
نئی دہلی، اپریل ۔وزیر اعظم نریندر مودی 2 سے 4 مئی کے دوران جرمنی، ڈنمارک اور فرانس کا دورہ کریں گے۔وزارت خارجہ نے بدھ کو یہاں کہا کہ وزیر اعظم 2022 کے اپنے پہلے غیر ملکی دورے کا آغاز جرمنی سے کریں گے۔ سال 2021 میں دونوں ممالک نے اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ منائی ہے۔ برلن میں وہ جرمن چانسلر اولاف شولز سے ملاقات کریں گے۔ دونوں رہنما ہندوستان-جرمنی بین الحکومتی مشاورت کی چھٹی میٹنگ کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ دونوں رہنما ایک کاروباری تقریب سے خطاب کریں گے جبکہ مسٹر مودی بیرون ملک مقیم ہندوستانی برادری کے لوگوں سے بات چیت کریں گے۔ مسٹر مودی اس کے بعد ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن جائیں گے جہاں وہ وزیر اعظم فریڈرکسن کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ کریں گے اور ملکہ مارگریتھ سے ملاقات کریں گے۔ ہندوستان اور ڈنمارک کے درمیان گرین اسٹریٹجک شراکت ہے۔ اس دوران وزیر اعظم انڈیا-ڈنمارک بزنس فورم میں شرکت کریں گے اور ہندوستانی برادری سے خطاب کریں گے۔دوسرے انڈیا نارڈک سربراہی اجلاس میں شرکت کے علاوہ مسٹر مودی آئس لینڈ، ناروے، سویڈن اور فن لینڈ کے وزرائے اعظم سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس سربراہی اجلاس میں کووڈ کے بعد کے دور میں اقتصادی ترقی، موسمیاتی تبدیلی، اختراعات اور ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی، عالمی سلامتی کے بدلتے ہوئے منظر نامے اور آرکٹک خطے میں ہندوستان-نارڈک تعاون کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔اپنی واپسی پر، 4 مئی کو، مسٹر مودی پیرس میں کچھ دیر کے لیے رکیں گے اور فرانس کے صدر ایمینوئل میکرون سے ملاقات کریں گے۔ ہند-فرانس سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے ایک اہم ایجنڈے پر بات چیت ہوگی۔