تین بہنوں نے بیک وقت ایک ہی شخص سے شادی کرلی
کنساسا،مارچ۔افریقی ملک کانگو میں تڑواں بہنوں(3 ایک ساتھ پیدا ہونے والی) نے بیک وقت ایک ہی شخص کے ساتھ شادی کرکے سب کو حیران کردیا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 32 سالہ لوویزو نے کانگو کے مشرقی حصے میں شادی کی ایک خصوصی تقریب میں تین بہنوں، نادیگے، نتاشا اور نتالی سے بیک وقت شادی کرلی۔رپورٹس کے مطابق لوویزو کاکہنا ہے کہ تڑواں بہنوں کی جانب سے ایک ساتھ شادی کی پیشکش کو وہ نہیں ٹھکرا سکتے تھے اس لیے انہوں نے تینوں سے ہی شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ میرے والدین پریشان تھے کہ میں یہ کیا کررہا ہوں اسی وجہ سے انہوں نے میری شادی میں بھی شرکت نہیں کی البتہ کچھ حاصل کرنے کیلئے کچھ کھونا پڑتا ہے اس لیے مجھے فکر نہیں کہ دوسرے کیا سوچتے ہیں ، میں شادی کرکے خوش ہوں یہ کافی ہے۔لوویزو نے کہا کہ اسے پہلی بار نتالی سے اس کی دو دیگر بہنوں سے ملنے سے پہلے محبت ہوئی تھی۔ تاہم، جب نتالی نے اسے اپنی جڑواں بہنوں نادیگے اور نتاشا سے ملوایا تو وہ دونوں اس سے محبت کرنے لگیں۔تاہم تینوں بہنوں نے مجھے شادی کی پیشکش کی جس پر میں حیران ہوگیا تھا۔دوسری جانب تین بہنوں میں سے ایک کا کہنا تھا کہ وہ بچپن سے ہی سب کچھ شیئر کرتی رہی ہیں اس لیے شوہر کو شیئر کرنا ان کے لیے کوئی مشکل کام نہیں تھا۔