کارڈی بی کی برونکس آتشزدگی میں ہلاک افراد کی تدفین کیلئے مالی امداد کی پیشکش
نیویارک،جنوری۔امریکی ریپر کارڈی بی نے برونکس میں لگنے والی آگ میں ہلاک ہونے والے 17 افراد کی تدفین اور جنازے کے اخراجات ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر افراد مسلمان تھے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق 9جنوری کو نیو یارک کے علاقے برونکس میں ایک ٹاور پر آگ لگی تھی جس میں ہلاک ہونے والوں کی عمریں دو سے 50 برس تک تھیں۔نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز کا کہنا تھا کہ گریمی ایوارڈ جیتنے والی ریپر کارڈی بی نے نیویارک کی ترقی کے لیے مختص میئر کے فنڈ کے ساتھ اشتراک کر کے برونکس کے متاثرین کے لیے مالی امداد کی پیشکش کی ہے، جہاں ان کا بچپن گزرا ہے۔آگ لگنے کے واقعے میں ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق مغربی افریقہ کے ملک گیمبیا سے تھا اور ان کے لواحقین کی خواہش تھی کہ مرحومین کوان کے آبائی علاقوں میں دفنایا جائے۔نیویارک کے میئر کے مطابق کارڈی بی نے پیشکش کی ہے کہ وہ متاثرین کی لاشوں کو گیمبیا بھجوائیں گی۔امریکی نشریاتی ادارے کو دیے گئے ایک بیان میں کارڈی بی کا کہنا تھا کہ ’مجھے بہت فخر ہے کہ میرا تعلق برونکس سے ہے اور میرے خاندان کے بہت سے افراد اور دوست اب بھی وہاں رہتے اور کام کرتے ہیں۔ تو جب میں نے آگ لگنے اور متاثرین کے بارے میں سنا مجھے معلوم تھا کہ مجھے ان کی مدد کے لیے کچھ کرنا ہے۔‘ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں متاثرین کے لواحقین کی تکلیف کا تصور بھی نہیں کر سکتی لیکن مجھے امید ہے کہ اگر انہیں تدفین کے اخراجات کی فکر نہیں ہوگی تو انہیں آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔‘