جھارکھنڈ کے اسکول و کالجوں میں این سی سی کے نئے نصاب کا نفاذ جلد
رانچی، 3نومبر۔ جھارکھنڈ کے اسکولوں اور کالجوں میں این سی سی کے نئے نصاب کا منصوبہ نافذ کیا جائے گا جس کے لیے ریاستی حکومت کی منظوری حاصل ہوچکی ہے۔ساتھ ہی چوائس بیسڈ کریڈٹ سسٹم کی پالیسی کے تحت اسے کورس میں شامل کیا جائے گا۔ بہار۔ جھارکھنڈ این سی سی ڈائرکٹوریٹ کے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل میجر جنرل ایم اندر بالن نے بدھ کو یہاں کرم ٹولی چوک کے نزدیک واقع این سی سی کیمپس میں نامہ نگاروں کو خطاب کرتے ہوئے یہ باتیں کہیں۔میجر جنرل ایم اندربالن نے بتایا کہ اب تک این سی سی کے ذریعہ کیڈٹس ٹریننگ میں کئی طرح کی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ جس میں نئےتعلیمی نظام کے مطابق یونیورسٹی میں مضمون کے طورپر نفاذ انوکھا قدم ہے۔ نئے منصوبے کے تحت این سی سی کیڈٹس کے پرفارمنس میں مارکس کا فائدہ ملے گا۔ ساتھ ہی اکیڈمک طورپر منظوری مل سکے گی۔ اب تک ایکسٹرا کیریکولم کے تحت این سی سی کی ٹریننگ ہوتی تھی اور ریاست کی پالیسیوں کے مطابق ہی کیڈٹس کو فائدہ مل پاتا تھا۔میجر جنرل نے کہا کہ ایسے کالج اور اسکولوں کو بھی نشان زد کیا جائے گا جو این سی سی ٹریننگ کی منظوری حاصل کرچکے ہیںاور وہ ایکٹ کی بنیاد پر ٹریننگ کا کام نہیں کرپارہے ہیں۔میجر جنرل نے کہا کہ ایسے کالج اور اسکولوں کو جن کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں ہے، انہیں این سی سی ایکٹ کے تحت نوٹس دیا جائے گا اور اس کے بعد کارروائی کی جائے گی۔این سی سی کیڈٹس کی ٹریننگ کے لیے نئے اساتذہ کی تقرری کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔میجر جنرل ایم اندر بالن نے کہا کہ جھارکھنڈ ریاست میں نیول کیڈٹس کی ٹریننگ کا پروگرام شروع کردیا گیا ہے۔پت راجومیں اس کی ٹریننگ دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ تلیا ڈیم میں بھی ٹریننگ پروگرام کی تجویز تیار ہے اور اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ اور چیف سکریٹری کی منظوری مل چکی ہے۔ امید ہے کہ جلد ہی تلیا ڈیم میں بھی ٹریننگ شروع کردی جائے گی۔میجر جنرل ایم اندر بالن نے این سی سی کیڈٹس کو بھی خطاب کرتے ہوئے نئی پالیسیاں اور این سی سی کے شعبے میں نئی پالیسیوں کی بھی معلومات دی اور کیڈٹس کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔پروگرام میں بطور خاص بریگیڈیر منیش ترپاٹھی، کرنل ایچ کے پاٹھک سمیت این سی سی کے کئی افسران موجود تھے۔