’عمر شریف کی موت پر دل ٹوٹ گیا‘

پاکستانی کرکٹرز کا بھی اظہارِ افسوس

کراچی،اکتوبر۔معروف اداکار اورکامیڈین عمر شریف کے انتقال پر کرکٹ سے تعلق رکھنے والی پاکستانی شخصیات نے بھی اظہار افسوس کیا ہے۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیزراجہ نے عمر شریف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمر شریف کو کھونے کا بہت دکھ ہے، وہ اپنے شعبے میں بہترین تھے ، ان کی حس مزاح کمال کی تھی، ہم انہیں موجودہ مایوسی کے دور میں اور بھی زیادہ یاد کریں گے ۔سابق کپتان وسیم اکرم نے عمر شریف کا خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں کو ہنسانا دنیا کا مشکل ترین کام ہے لیکن عمر شریف نے یہ کام خوب مہارت سے کیا، میں نے ہمیشہ ان کی کامیڈی انجوائے کی، ان کے پاس بے پناہ ہنر تھا، وہ بولتے تو کوئی ان کو میچ نہ کر پاتا، سب کو ہنسانے والا، سب کو رلا گیا، ہم سب ان کے جدا ہونے پر غمگین ہیں۔ اللہ مغفرت کرے آمین ۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہیکہ عمر شریف کی موت پر دل ٹوٹ گیا، وہ بے شک کامیڈی کے غیر متنازع بادشاہ اور پاکستان کے لیجنڈ تھے، اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور ان کے درجات بلند فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے ۔سابق فاسٹ بولر اور اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے بھی دکھ کا اظہار کرتے ہوئیکہا ہیکہ میرے پاس اپنے دکھ کا اظہار کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں، انہوں نے اپنی زندگی میں اتنی خوشی اور ہنسی پھیلائی ہے کہ اسے ہمیشہ یاد رکھا جائیگا ۔بوم بوم شاہد آفریدی نے بھی عمر شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہیکہ پاکستان کے لیے انمول خدمات اور اپنے باکمال مزاح سے ہمیں کئی سالوں تک ہنسانے کے لیے آپ کا شکریہ، آپ کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا ۔قوم ٹیم کے سینیئر کھلاڑی محمد حفیظ نے عمر شریف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ اور تمام مداحوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان کا کہنا ہیکہ عمر شریف نے ہمارے چہروں پر مسکراہٹیں ڈالیں اور ہمیں ہنسایا، اللہ کرے وہ سکون میں رہیں، وہ ایک سچے پاکستانی ہیرو تھے ۔

Related Articles